بلوچستان

ڈائریکٹر جنرل ایکسائیز ٹیکنیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس بلوچستان محمد زمان نے کہا ہے کہ ایکسائیز، اینٹی نارکوٹکس اور پاکستان نیوی کی مشترکہ کارروائی میں 10 ہزار بوتل غیر ملکی شراب برآمد کی گئی

کوئٹہ 12 جولائی: ڈائریکٹر جنرل ایکسائیز ٹیکنیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس بلوچستان محمد زمان نے کہا ہے کہ ایکسائیز، اینٹی نارکوٹکس اور پاکستان نیوی کی مشترکہ کارروائی میں 10 ہزار بوتل غیر ملکی شراب برآمد کی گئی ہے۔ محکمہ ایکسائیز ٹیکنیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے وژن کے مطابق صوبائی حکومت کے اقدامات کی روشنی میں غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کے علاوہ محکمے کی بہتری اور ریونیو کو بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھاتے ہوئے منشیات سے پاک بلوچستان کے لیے کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ اس کا واضح ثبوت حالیہ دنوں میں سامنے آیا جب ایکسائیز کے عملے نے پاکستان نیوی اور جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر (JMICC) کے تعاون سے حساس علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 35 کروڑ روپے مالیت کی غیر ملکی شراب، جس میں 10 ہزار غیر ملکی شراب اور بیئر کی بوتلیں شامل تھیں، قبضے میں لیں۔ یہ بلوچستان میں اب تک ایکسائیز ڈپارٹمنٹ کی ہونے والی سب سے بڑی کارروائی ہے، جبکہ ضبط شدہ کھیپ کی مالیت بین الاقوامی مارکیٹ میں تقریباً 350 ملین روپے بتائی جاتی ہے۔ یہ کھیپ بین الاقوامی ذرائع سے سمندری راستوں کے ذریعے پاکستان میں اسمگل کی جا رہی تھی، جسے ڈائریکٹوریٹ آف ایکسائیز اینٹی نارکوٹکس ساؤتھ زون نے اپنے قبضے میں لے کر اس پر مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے اور اس سلسلے میں مزید تفتیش بھی جاری ہے۔ اس اہم کامیابی پر ایکسائیز اینٹی نارکوٹکس بلوچستان، پاک بحریہ اور جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن سینٹر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہے اور امید ظاہر کرتا ہے کہ آئندہ بھی اس طرح کی کارروائیوں میں وہ اسی جذبے سے ایکسائیز اینٹی نارکوٹکس بلوچستان کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔ اس کے علاوہ ایکسائیز اینٹی نارکوٹکس بلوچستان نے ماضی میں منشیات کی روک تھام کے خلاف مختلف کارروائیاں کی ہیں، جن میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات، جن میں آئس، چرس، ہیروئین اور تریاق شامل ہیں، برآمد کر کے کئی مجرموں کے خلاف ایف آئی آرز درج کی جا چکی ہیں۔ اسی طرح پوست کی کاشت کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں تاکہ پاکستان کے موجودہ “پوپی فری” اسٹیٹس کو برقرار رکھا جا سکے۔ ان کارروائیوں کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع، جن میں دُکی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، لورالائی، قلات اور مستونگ شامل ہیں، میں پوست کے خلاف کارروائیاں عمل میں لا کر سینکڑوں ایکڑ پر تیار فصل ضائع کی جا چکی ہے۔ ایکسائیز اینٹی نارکوٹکس ڈپارٹمنٹ بلوچستان آئندہ بھی پوست کی کاشت اور ہر طرح کی منشیات کی روک تھام کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔

Related Articles

Back to top button