آبادی میں تیزی سے اضافہ ملکی وسائل پر دباؤ کا سبب اور پائیدار ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

24

اسلام آباد، 10 جولائی 2025: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کو آبادی میں تیزی سے اضافے کے چیلنج کا سامنا ہے، جس سے قومی وسائل پر دباؤ، تعلیم، صحت، روزگار، اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے سنگین مسائل جنم لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں توازن برقرار رکھے بغیر پائیدار ترقی، غربت کے خاتمے، اور معاشرتی استحکام کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار عالمی یومِ آبادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا، جو ہر سال 11 جولائی کو دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے زیرِ اہتمام منایا جاتا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عالمی ادارۂ صحت اور اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان دنیا کے ان ممالک کی فہرست میں شامل ہے جہاں آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جو لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان قومی ترقی کے لیے سماجی مسائل کے حل، بالخصوص آبادی کے توازن سے متعلق قانون سازی کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے عوام میں شعور اُجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صوبائی حکومتوں سیاسی جماعتوں، عوامی نمائندوں، علماء ، سول سوسائٹی، اور میڈیا کو اس سلسلے میں کردار ادا کرنے کا کہا۔

اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ آبادی میں توازن سے نہ صرف معاشی ترقی ممکن ہے بلکہ ہر فرد کو تعلیم، صحت، اور باعزت روزگار کے مساوی مواقع میسر آ سکتے ہیں۔ انہوں نے بڑھتی ہوئی آبادی کے چیلنج پر مؤثر انداز سے قابو پانے کے لیے پالیسی ساز اداروں پر زور دیا کہ وہ مستقبل کی ضروریات کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے طویل المدتی منصوبہ بندی کریں۔

Comments are closed.