خیبر میں محکمہ جنگلات کی کارروائیاں، افغانستان سے آنے والی 5 گاڑیاں ضبط

19

خیبر: (نمائندہ خصوصی) ڈویژنل فاریسٹ آفیسر (DFO) خیبر زاہد محسود کی سخت ہدایات پر عمل کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کے عملے نے گزشتہ ہفتے کے دوران غیر قانونی طور پر افغانستان سے جنگلاتی مصنوعات لانے والی 5 گاڑیوں کو مختلف چیک پوسٹوں پر کارروائی کرتے ہوئے تحویل میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق میچنی تورخم جوائنٹ چیک پوسٹ، بھگیاڑی فاریسٹ چیک پوسٹ اور تختہ بیگ فاریسٹ چیک پوسٹ پر تعینات عملے نے بھرپور نگرانی اور چوکس کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ کارروائیاں کیں۔

محکمہ جنگلات کے مطابق تمام گاڑیوں کے خلاف فاریسٹ آرڈیننس 2002 کے تحت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور مقدمات متعلقہ دفعات کے تحت آگے بڑھائے جا رہے ہیں۔

ڈی ایف او خیبر زاہد محسود نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ جہاں بھی لکڑی کی سمگلنگ ہوگی، وہاں فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اور کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ جنگلات نے جنگلاتی وسائل کی غیر قانونی کٹائی اور نقل و حمل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنا رکھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنگلات کے تحفظ کے لیے تمام فاریسٹ چیک پوسٹوں پر نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر اور سخت بنا دیا گیا ہے تاکہ قیمتی قدرتی وسائل کو غیر قانونی ہاتھوں سے بچایا جا سکے۔

محکمہ جنگلات کی یہ کارروائیاں قدرتی وسائل کے تحفظ اور جنگلاتی قوانین پر مکمل عملدرآمد کی کوششوں کا حصہ ہیں، جو آئندہ بھی پوری شدت سے جاری رہیں گی۔

Comments are closed.