_بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے مضر صحت فصلوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ایک اور مؤثر کارروائی
کوئٹہ9جولائی :_بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے مضر صحت فصلوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ایک اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ میں تقریباً 40 ایکڑ اراضی پر سیوریج کے پانی سے کاشت کردہ سبزیاں تلف کر دیں۔کارروائی میں پالک، قلفہ ساگ، پودینہ اور سلاد جیسی سبزیاں شامل تھیں، جنہیں صحت کے لیے خطرناک قرار دیا گیا۔بی ایف اے کی خصوصی آپریشن ٹیموں نے پولیس کے تعاون سے زمین پر موجود زہریلی سبزیوں کو ٹریکٹر چلا کر مکمل طور پر تباہ کیا جبکہ استعمال ہونے والے آلودہ پانی کے ذرائع کو بھی فوری طور پر بند کر دیا گیا تاکہ دوبارہ کاشت کی کوئی گنجائش باقی نہ رہے۔ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے وقار خورشید عالم کا کارروائی سے متعلق کہنا ہے کہ مضر صحت سبزیاں عوام میں خطرناک بیماریوں کا باعث بنتی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ صحت دشمن عناصر کے خلاف بی ایف اے کی کارروائیاں کسی رعایت کے بغیر جاری رہیں گی اور جہاں بھی زہریلی فصلیں ہوں گی وہاں بی ایف اے موجود ہوگا۔ڈائریکٹر جنرل کے مطابق صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بی ایف اے کی واضح ہدایات پر کارروائیاں جاری ہیں جن کا مقصد کوئٹہ بھر میں ناقص سبزیوں کا مکمل خاتمہ ہے۔ بی ایف اے کا مؤقف واضح ہے کہ “صحت مند قوم کے لیے صحت مند خوراک ناگزیر ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصہ سے بی ایف اے کی جانب سے یہ کارروائیاں عدالتی احکامات اور متعدد انتباہات کے باوجود کی جانے والی مسلسل خلاف ورزیوں کے تناظر میں کی جا رہی ہیں۔ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر معیاری اور مشکوک سبزیوں سے اجتناب کریں اور ایسی کاشت کی نشاندہی کرکے ان کے مکمل خاتمے میں بی ایف اے کا ساتھ دیں۔
Comments are closed.