اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ خان کا اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو خط — مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کو حلف لینے کا مطالبہ
رپورٹ: محمد الیاس ملاخیل سے
پشاور — خیبرپختونخوا اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر عباداللہ خان نے اسپیکر صوبائی اسمبلی کو ایک باضابطہ خط ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے ارکان کو حلف دلوانے کے لیے فوری طور پر اسمبلی اجلاس طلب کیا جائے۔
ڈاکٹر عباداللہ خان نے اپنے خط میں سپریم کورٹ آف پاکستان اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حالیہ فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان فیصلوں کی روشنی میں مخصوص نشستوں پر کامیاب خواتین اور اقلیتی ارکان کو حلف دلوانا ناگزیر ہے، اور اس آئینی تقاضے کو مزید تاخیر کے بغیر پورا کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ حلف برداری آئینی عمل کا ایک اہم حصہ ہے جسے آئندہ سینیٹ انتخابات سے قبل مکمل کیا جانا ضروری ہے تاکہ صوبائی اسمبلی میں مکمل نمائندگی یقینی بنائی جا سکے۔
اپوزیشن لیڈر نے خبردار کیا کہ مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کو حلف سے روکنا ان کے آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور اس سے نہ صرف قانون سازی کا عمل متاثر ہو سکتا ہے بلکہ آئندہ سینیٹ انتخابات کی شفافیت اور قانونی حیثیت بھی مشکوک ہو سکتی ہے۔
ڈاکٹر عباداللہ خان نے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری اقدامات کرتے ہوئے اسمبلی کا اجلاس طلب کریں اور مخصوص نشستوں پر کامیاب ارکان کو ان کے آئینی منصب کا حلف دلوائیں تاکہ صوبائی اسمبلی کی تکمیل اور آئندہ جمہوری عمل میں کسی رکاوٹ سے بچا جا سکے۔
Comments are closed.