محکمہ کھیل بلوچستان کی خصوصی ہدایات اور سرپرستی میں خضدار سمیت بلوچستان بھر میں کھیلوں کے فروغ کے لیے مربوط حکمت عملی پر عمل جاری محترمہ رقیہ عبید
خضدار،اسپورٹس آفیسر ضلع خضدار محترمہ رقیہ عبید نے کہا ہے کہ محکمہ کھیل بلوچستان کی خصوصی ہدایات اور سرپرستی میں خضدار سمیت بلوچستان بھر میں کھیلوں کے فروغ کے لیے مربوط حکمت عملی پر عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی مشیر برائے کھیل محترمہ مینا بلوچ اور سیکرٹری کھیل درا بلوچ کی قیادت میں محکمہ کھیل نوجوانوں کو مثبت، تخلیقی اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے کوشاں ہے۔محترمہ رقیہ عبید نے کہا”کھیل صرف تفریح نہیں، نوجوان نسل کی تربیت، نظم و ضبط، اور قومی ترقی کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ ہم خضدار میں کھیلوں کی بحالی، سہولیات کی بہتری، اور باصلاحیت نوجوانوں کو مواقع کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔”انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ کھیل جلد ضلعی سطح پر کھیلوں کے مقابلے، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز اور اسپورٹس انفراسٹرکچر کی بہتری کے منصوبے شروع کر رہا ہے، جن سے نہ صرف مقامی سطح پر ٹیلنٹ سامنے آئے گا بلکہ بلوچستان کی نمائندگی قومی اور بین الاقوامی سطح پر بھی ممکن ہو سکے گی۔آخر میں انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کھیلوں کے فروغ کو اولین ترجیحات میں شامل کر چکی ہے، اور یہ کوششیں نوجوان نسل کو پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ مستقبل کی جانب لے جانے کا ذریعہ بنیں گی۔
Comments are closed.