پاکستانتازہ ترین

ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال میرپور کے شعبہ پتھالوجی کی ہیڈ پروفیسر ڈاکٹر زاہدہ قاسم میڈیکل کے شعبہ میں 35 سالہ سروس مکمل کرنے کے بعد سرکاری عہدہ سے ریٹائرڈ ہوگئیں

ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال میرپور کے شعبہ پتھالوجی کی ہیڈ پروفیسر ڈاکٹر زاہدہ قاسم میڈیکل کے شعبہ میں 35 سالہ سروس مکمل کرنے کے بعد سرکاری عہدہ سے ریٹائرڈ ہوگئیں ان کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال میرپور کے ڈیپارٹمنٹ آف پتھالوجی کی طرف سے شاندار الوداعی تقریب میرپور کے بڑے میرج ہال میں منعقد کی۔رنگا رنگ الوداعی تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر زاہدہ قاسم کے بچپن سے لیکر جوانی اور سرکاری سروس سے ریٹائرمنٹ تک زندگی کے تمام نشیب و فراز اور کار ہائے نمایاں پر ڈاکومنٹری فلم پیش کی گئی جس میں علمی و ادبی،فنون و لطیفہ، تدریس،میڈیکل،پتھالوجی اور لیب کے لئے دی جانے والی بے مثال خدمات کو خوبصورت طریقے سے پیش کیا گیا جس پر حاضرین کی طرف سے خوب داد دی گئی۔اس موقع پر سابق پرنسپل محترمہ بینظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر عبدالرشید میاں،آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج سردار حبیب ضیاء،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر فاروق احمد نور، ایم ایس ڈاکٹر عامر عزیز، لیب انچارج محمد عرفان شاہد،زبیر جرال اور دیگر نے خطاب کیا۔جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض اخلاق وزیر نے نہایت ہی خوبصورتی سے سر انجام دیئے۔اس موقع پر سابق سیکرٹری اطلاعات شوکت مجید ملک،سابق پرنسپل گورنمنٹ کالج پروفیسر سردارسرفراز خان، سابق پرنسپل محترمہ بینظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر امجد محمود، ڈاکٹر ریاست علی چوہدری،ڈاکٹر عبدالمجید کے علاوہ ریٹائرڈ و حاضر سروس لیڈی ڈاکٹرز،پروفیسر ڈاکٹرز، پتھالوجی لیب سٹاف،پیرا میڈیکل،نرسنگ سٹاف سمیت ان کے عزیز و اقارب نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ڈاکٹر زاہدہ قاسم کی دکھی انسانیت کے لئے دی جانے والی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے کہاکہ ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال کی پتھالوجی لیب جو ایک دو کمروں پر مشتمل تھی آج ریاست کی واحد لیب ہے جہاں تمام میڈیکل ٹیسٹ ہوتے ہیں اور تھیلسمیا کے بچوں کو یہاں سے خون کے عطیات دیئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر زاہدہ قاسم کو اپنے پیشہ سے والہانہ محبت ہے جس کے باعث انہوں نے میڈیکل کالج سمیت میڈیکل کورسز کرنے والے طلباء و طالبات کے لیے تدریسی فرائض سر انجام دیئے۔
پروفیسر ڈاکٹر زاہدہ قاسم نے اپنے خطاب میں دور دراز سے آنے والے مہمانان گرامی اور بالخصوص میڈیکل کالج اور ٹیچنگ ہسپتال انتظامیہ و سٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ مجھے ہمیشہ ان لوگوں کے ساتھ کام کرنے کے مواقع ملے ہیں جو ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال میرپور کو ریاست کا مثالی ہسپتال بنانے میں گہری دلچسپی اور لگن رکھتے تھے اسی وجہ ہماری سب کی مشترکہ کاوشیں رنگ لائی اور آج ہمارے پاس ریاست کی سب سے بڑی پتھالوجی لیب ہے جبکہ ریجنل بلڈ سنٹر میرپور کو انٹرنیشنل ISBT سے ایکریڈیٹیشن کروانے میں ڈاکٹر عثمان وحید اور ڈاکٹر اخلاق وزیر کا اہم رول ہے میرپور ریجنل بلڈ سنٹر پاکستان میں دوسرے نمبر پر ہے۔انہوں نے اپنی کامیاب زندگی کو اللہ تعالیٰ کا بڑا احسان اور کرم قرار دیا جس کے ان کے کامیاب سفر کاروان کی صورت بنتا گیا اور ہر قدم پر کامیابیاں نصیب ہوئی۔ انہوں نے اپنے سسر سابق چیف جسٹس ہائی کورٹ آزاد کشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالمجید ملک مرحوم، اپنے مجازی خدا سابق سیکرٹری اطلاعات شوکت مجید ملک اور فیملی ممبران کی طرف سے انہیں تعلیمی اور سرکاری سروس میں بھرپور خدمات سرانجام دینے پراور معاونت کرنے پر سراہا۔اس موقع پر ریجنل بلڈ سنٹر میرپور کی طرف سے سالانہ رپورٹ پیش کی گی جبکہ ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ آزاد کشمیر ڈاکٹر فاروق احمد نور اور میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز نے انہیں بہترین خدمات سرانجام دینے پر شیلڈ اور سرٹیفکیٹ دیئے۔

Related Articles

Back to top button