سینئر سول ججز/علاقہ قاضیوں کے لیے بعد از ترقی چار ہفتوں پر محیط تربیتی کورس کا آغاز
=========================
خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں صوبہ کے مختلف اضلاع میں تعینات سینئر سول ججز/جوڈیشل مجسٹریٹس /اعلی علاقہ قاضیوں کے لیے بعد از ترقی چار ہفتوں پر محیط تربیتی پروگرام کا آغاز ہوگیا ہے۔ تربیتی پروگرام میں حال ہی میں ترقی پانے والےپندرہ (15) سینئر سول ججز/جوڈیشل مجسٹریٹس /اعلی علاقہ قاضی حصہ لے رہے ہیں۔
افتتاحی تقریب میں، معزز چیئرمین خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی /چیف جسٹس، عدالت عالیہ پشاور، جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جوڈیشل اکیڈمی جہاں زیب شنواری، پی ایس او احمد افتخار ، ، ڈین فیکلٹی ضیاء الرحمن ، سینئر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن دوست محمد خان ، سینئر ڈائریکٹر شعبہ تحقیق و اشاعت ڈاکٹر قاضی عطاء اللہ سمیت اکیڈمی کے فیکلٹی ممبران اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
فاضل چیف جسٹس عدالت عالیہ پشاور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سینئر سول ججز/اعلیٰ علاقہ قاضی، عدالتی نظام میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، ان کی ذمہ داریا ں بڑھ جاتی ہیں ، اور ان کے فرائض میں حسابات ، مالیات اور دیگر انتظامی امور شامل ہو جاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سینئر سول ججز/اعلیٰ علاقہ قاضیان کو ابھی بہت طویل سفر طے کرنا ہے اور امید ہے کہ وہ ایسی اقدار اورمثالیں قائم کریں گے جو عدالتی نظام کو بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی عدلیہ میں دیوانی ، فوجداری اور فیملی مقدمات کی ایک بڑی تعداد زیر سماعت ہے جس کو نمٹانے کےلئے ہمیں دن رات محنت کرنا ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری آئینی ذمہ داری ہے کہ نظام انصاف کو اس قابل بنائے کہ لوگوں کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کو ہر صورت ممکن بنایا جاسکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تربیتی پروگرام شرکاء کے علم میں اضافہ کرے گا اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، طرز عمل اور رویے کو بھی بہتر بنائے گا۔
قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی جہاں زیب شنواری نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور معزز چیئرمین/چیف جسٹس، عدالت عالیہ پشاور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کا تقریب میں تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کورس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کورس کو موجودہ حالات اور اصول کے تقاضوں کے مطابق مرتب کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک جامع تربیتی پروگرام ہے جو عدالتی نظام کے پیشہ ور افراد کی صلاحیتوں کو نمایاں طور پر بہتر بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ ڈی جی اکیڈمی نے مزید وضاحت کی کہ اس پروگرام کو مضبوط قیادت پیدا کرنے، انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانے اور شفاف انصاف کی فراہمی کو فروغ دینے کے لیے مرتب کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس تربیت سے شرکاء کورس کے پیشہ ورانہ صلاحیتوں ، علم اور کارکردگی میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔




