
وزیر خوراک خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو کا عظمیٰ بخاری کی پریس کانفرنس پر ردعمل
وزیر خوراک خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو نے مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی حالیہ پریس کانفرنس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عظمیٰ بخاری دراصل ن لیگ کے کرپشن زدہ چہرے پر میک اپ کا کام کر رہی ہیں۔ وہ عوام کو گمراہ کرنے کے بجائے اپنے گریبان میں جھانکیں اور قدرتی آفات پر سیاست سے باز آجائیں ۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ریسکیو 1122 جیسے اہم ادارے کو سیاسی بھرتیوں کا قبرستان بنانے والے ہمیں میرٹ پر لیکچر نہ دیں۔ جن کے اپنے ادارے کرپشن اور اقربا پروری کا گڑھ بن چکے ہوں، وہ خیبرپختونخوا جیسے میرٹ پر چلنے والے صوبے پر تنقید کا کوئی اخلاقی جواز نہیں رکھتے۔
ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ پنجاب حکومت کرپشن کا زہریلا کوڑا بن چکی ہے اور عظمیٰ بخاری اس کی آواز بن کر زہر پھیلانے میں مصروف ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی سیاست جھوٹ، دھوکہ دہی اور ریاستی اداروں کو یرغمال بنانے کے گرد گھومتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں تقریباً ہر محکمہ ریاستی ادارہ نہیں بلکہ ن لیگی قیادت کی جاگیر بن چکا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں ملک کا سب سے شفاف اور میرٹ پر مبنی نظام نافذ ہے۔
وزیر خوراک نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت شفافیت، میرٹ اور عوامی خدمت کی اعلیٰ مثال ہے اور یہی فرق آج عوام کو دونوں حکومتوں کے درمیان بخوبی نظر آ رہا ہے۔



