سیفٹی آگاہی مہم 2025: این جی سی کے 500کے وی اور 220کے وی گرڈ سٹیشنز پر تربیتی سیمینارز کا انعقاد
سیفٹی آگاہی مہم 2025: این جی سی کے 500کے وی اور 220کے وی گرڈ سٹیشنز پر تربیتی سیمینارز کا انعقاد
لاہور (23 جون 2025) نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (سابقہ این ٹی ڈی سی) کے زیر اہتمام ملک بھر میں “سیفٹی آگاہی مہم 2025” کے تحت حفاظتی تربیتی سیمینارز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس مہم کا مقصد نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنانا، عوامی شعور بیدار کرنا اور عملے کو اپنی حفاظت سے متعلق آگاہی و مہارت سے لیس کر کے حادثات کی شرح کو صفر تک لانا ہے۔ سیفٹی مہم کے تحت 500 کے وی گرڈ سٹیشنز؛ نیو لاہور، یوسف والا (ساہیوال)، گٹی (فیصل آباد) اور 220 کے وی گرڈ سٹیشنز؛ نیو کوٹ لکھپت، واپڈا ٹاؤن، راوی، غازی روڈ، بند روڈ، شالامار، سرفراز نگر، گجرات، ڈہرکی، جھمپیر-ٹو (سندھ) اور انڈسٹریل-ٹو کوئٹہ میں تربیتی سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔

ان سیمینارز میں ابتدائی طبی امداد کی فراہمی، ہنگامی صورتحال میں ردعمل اور فیلڈ آپریشنز سے متعلق اہم حفاظتی طریقہ کار پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔ شرکاء کو کارڈیو پلمونری ریسسٹیٹیشن (CPR) کی عملی تربیت دی گئی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے، حفاظتی اقدامات اور جان بچانے کے طریقہ کار کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔ این جی سی افسران نے گرڈ سٹیشن اور ٹرانسمیشن لائن پر کام کے دوران ممکنہ خطرات، فیلڈ انسپکشن کے طریقہ کار، ذاتی تحفظ کے آلات(PPE) کا معیار اور نیپرا کی جانب سے متعارف کردہ نئے پرمٹ ٹو ورک (PTW) پرفارما جیسے اہم موضوعات پر بریفنگز دیں۔
اس کے علاوہ، چند گرڈ سٹیشنز پر ریسکیو 1122 کی جانب سے بھی ہیلتھ، سیفٹی اینڈ انوائرمنٹ (HSE)، فائر فائٹنگ اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری سے متعلق سیشنز منعقد کیے گئے۔ سیمینارز میں این جی سی کے مختلف شعبہ جات بشمول مینٹیننس، آپریشنز، پروٹیکشن، سکیورٹی اور ایڈمن کے عملے نے بھرپور شرکت کی۔
منیجنگ ڈائریکٹر این جی سی، انجینئر محمد شاہد نذیر نے سیفٹی آگاہی مہم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عملے کی حفاظت ہمارے آپریشنز کی بنیاد ہے۔ انہوں نے مہم میں شامل تمام افسران و ملازمین کی محنت اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی کاوشیں افرادی قوت کے ساتھ ساتھ ہمارے انفرا سٹرکچر کے تحفظ کو بھی یقینی بناتی ہیں۔
Comments are closed.