ہماری حکومت نے عوام دوست اور تاریخی بجٹ پیش کیا گیا، نئی اسکیمیں نہیں، پرانی اسکیموں کی تکمیل ہوگی،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

24

ہماری حکومت نے عوام دوست اور تاریخی بجٹ پیش کیا گیا، نئی اسکیمیں نہیں، پرانی اسکیموں کی تکمیل ہوگی، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

گلگت. وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے مالی سال 26-2025 کے بجٹ کو عوام دوست اور تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے بجٹ میں کسی بھی قسم کی نمائشی یا سیاسی اسکیم شامل نہیں کی، بلکہ سابقہ منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کو ترجیح دی ہے تاکہ عوام کو فوری اور براہ راست ریلیف مل سکے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے کہا کہ 88 ارب روپے کے بجٹ میں عوامی مفاد کو مقدم رکھا گیا ہے۔ریسکیو 1122 اور پولیس کے اہلکاروں کے الاؤنسز میں اضافہ کیا گیا ہے،جبکہ لائن ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کے دیرینہ مطالبات کو مدنظر رکھ کر بجٹ ترتیب دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، تمام صوبائی سرکاری ملازمین کو 30 فیصد ڈسپیئرٹی ریڈکشن الاؤنس بھی دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بجٹ میں تین بنیادی پہلوؤں کو مد منظر رکھا گیا ہے، مناسب فنڈ مختص کرنا، بجٹ کی مکمل ایلوکیشن، اور ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ پورے سال کے دوران کسی بھی علاقے میں مالی یا ترقیاتی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ روایت کے برخلاف، ہم نے انتخابی سال میں کوئی نئی اسکیم نہیں رکھی، بلکہ سابقہ حکومتوں کے زیر التوا منصوبوں کو مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوامی اعتماد بحال ہو اور ترقی کا عمل تسلسل سے جاری رہے۔توانائی کے شعبے سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلبر خان نے کہا کہ اس بجٹ میں توانائی کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے، اور آئندہ سال تک 58 میگاواٹ بجلی نظام میں شامل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، جو خطے میں بجلی کی قلت پر قابو پانے میں مدد دے گا۔وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ بجٹ الیکشن کے سائے میں تیار ہونے کے باوجود شفاف، حقیقت پسندانہ اور عوامی ضروریات سے ہم آہنگ ہے، جس سے ترقیاتی رفتار میں تیزی آئے گی اور عوام کو جلد ثمرات ملیں گے۔

Comments are closed.