میرپور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی (MUST) کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر انور خطاب نے صدر انجمن فلاح و بہبود انسانیت میرپور ڈاکٹر طاہر محمود سے خصوصی ملاقات کی

19

میرپور (پی آئی ڈی)14 جون: میرپور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی (MUST) کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر انور خطاب نے صدر انجمن فلاح و بہبود انسانیت میرپور ڈاکٹر طاہر محمود سے خصوصی ملاقات کی۔ یہ ملاقات فری کڈنی ڈائیلاسز سنٹر میرپور، ڈویژنل ٹیچنگ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ہوئی، جس کا مقصد صحت و تعلیم کے میدان میں باہمی اشتراک اور عوامی خدمت کے دائرے کو مزید وسعت دینا تھا۔ملاقات میں معاشرتی تعمیر و ترقی میں عوام کے مثبت کردار کو فروغ دینے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر انور خطاب نے کہا کہ MUST یونیورسٹی، انجمن فلاح و بہبود انسانیت کے ساتھ اشتراکِ عمل کے تحت میرپور میں تعلیم اور صحت جیسے بنیادی شعبہ جات میں اپنی معاونت کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علمی اداروں اور فلاحی تنظیموں کے مابین ہم آہنگی سے معاشرے میں مثبت اور دیرپا تبدیلیاں لائی جا سکتی ہیں۔ڈاکٹر طاہر محمود نے فری کڈنی ڈائیلاسز سنٹر کے مقاصد، فعالیت اور سماجی کردار سے ڈاکٹر انور خطاب کو آگاہ کیا اور یونیورسٹی کی جانب سے تعاون کی پیشکش پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔اس اہم موقع پر انجمن کے ایڈمن آفیسر ماجد عبدالمنیر اور جہانگیر مغل بھی موجود تھے۔ ملاقات کا اختتام اس امید پر ہوا کہ تعلیم و صحت کے میدان میں یہ اشتراک میرپور کے عوام کے لیے روشن مستقبل کی نوید بنے گا۔

Comments are closed.