کمشنر شہید بینظیر آباد ڈویژن ندیم احمد ابڑو کی صدارت میں، سندھ ہائی کورٹ کی ہدایات پر زرعی کھاد کی بلیک مارکیٹنگ کی روک تھام کے لیے قائم کردہ مانیٹرنگ سیل کا تعارفی اجلاس آج کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا

34

سکرنڈ (رپورٹ: راج کمار اوڏ) — کمشنر شہید بینظیر آباد ڈویژن ندیم احمد ابڑو کی صدارت میں، سندھ ہائی کورٹ کی ہدایات پر زرعی کھاد کی بلیک مارکیٹنگ کی روک تھام کے لیے قائم کردہ مانیٹرنگ سیل کا تعارفی اجلاس آج کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ندیم احمد ابڑو نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے، سندھ ہائی کورٹ سرکٹ کورٹ میرپورخاص کے ایک آئینی درخواست پر دیے گئے فیصلے کی تعمیل میں، ڈویژن سطح پر کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے۔ اس سیل کا مقصد زرعی کھاد کی قیمتوں کی مؤثر نگرانی کرنا اور بلیک مارکیٹنگ کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات اٹھانا ہے۔

کمشنر نے بتایا کہ اس مانیٹرنگ سیل میں کمشنر کو چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ڈویژنل ڈائریکٹر ایگریکلچر کو سیل کا سیکریٹری/رکن نامزد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایڈیشنل کمشنر ون اور آبادگار بورڈ/کاشتکاروں کے نمائندے بھی سیل کے رکن ہوں گے۔

کمشنر نے کہا کہ ڈویژنل مانیٹرنگ سیل کی جانب سے ضلعی مانیٹرنگ سیلز کی کارکردگی، کاشتکاروں کو مقررہ نرخوں پر زرعی کھاد کی فراہمی، اور دیگر مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جب کہ کاشتکاروں کی تجاویز اور درپیش مسائل صوبائی سطح پر قائم مانیٹرنگ سیل کو بھیجے جائیں گے۔

انہوں نے تینوں اضلاع کے کاشتکار رہنماؤں سے کہا کہ وہ آئندہ اجلاس میں اپنی تجاویز اور مسائل تحریری صورت میں پیش کریں۔ اجلاس میں شہید بینظیر آباد، سانگھڑ اور نوشہرو فیروز کے کاشتکار رہنماؤں مختیار ناز، یار محمد لغاری، مراد علی نظامانی، اقبال دہری اور امام علی نے کسانوں کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد عبدالصمد نظامانی، ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سارہ جاوید، ایڈیشنل کمشنر ٹو سید عمار حسین، اسسٹنٹ کمشنر جنرل گل فیصل الٰہی اور تینوں اضلاع کے کاشتکار رہنماؤں نے شرکت کی۔

Comments are closed.