چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر ہائیکورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ کی ریٹائرمنٹ کے سلسلہ میں ہائیکورٹ آزادجموں وکشمیر کی انتظامیہ کی جانب سے پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا
مظفرآباد( پی آئی ڈی) 05جون- چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر ہائیکورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ کی ریٹائرمنٹ کے سلسلہ میں ہائیکورٹ آزادجموں وکشمیر کی انتظامیہ کی جانب سے پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ججز آزادجموں وکشمیر ہائیکورٹ جسٹس سید شاہد بہار، جسٹس سردار محمد اعجاز خان، جسٹس خالد رشید چوہدری اور سابق جج ہائیکورٹ جسٹس میاں عارف حسین، ایڈووکیٹ جنرل، وائس چیئرمین آزادجموں وکشمیر بار کونسل، رجسٹرار ہائیکورٹ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، سیکرٹری قانون، انصاف و پارلیمانی امور، سیکرٹری فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، چیئرمین انوائرمنٹل ٹریبونل، چیئرمین انکم ٹیکس ٹربیونل،ججز احتساب کورٹس، جج الیکشن ٹریبونل، جج سروس ٹریبونل، ممبرآن بار کونسل، سیکرٹری الیکشن کمیشن، سیکرٹری جنرل سپریم کورٹ و ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، صدر سینٹرل بار ایسوسی ایشن، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد، ماتحت عدلیہ آزاد جموں و کشمیر کے جوڈیشل آفیسران و قاضی صاحبان نے شرکت کی۔ تقریب آمد پر چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔


ہائیکورٹ کے افسران نے چیف جسٹس صداقت حسین راجہ کو پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے ویلکم کیا گیا اور چیف جسٹس ہائیکورٹ صداقت حسین راجہ کو آزادجموں وکشمیر پولیس کی جانب سلامی دی گئی۔ تقریب سے خطاب میں مقررین نے جسٹس صداقت حسین راجہ کی عدلیہ کے لیے خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس صداقت حسین راجہ نے عام آدمی کو انصاف کی فراہمی، وکلاء اور جوڈیشری کے وقار میں اضافہ کیا اور عدلیہ کے انفراسٹرکچر کی بہتری، جوڈیشل آفیسران کو سہولیات کی فراہمی سمیت عدلیہ کے ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ نے کہا کہ بطور چیف جسٹس میری جتنی کامیابیاں ہیں ان سب میں ہائیکورٹ کے ججز صاحبان، وکلاء اور ہائیکورٹ کے افسران اور سٹاف کا کلیدی کردار ہے۔ریٹائرمنٹ پر وکلاء اور عدلیہ کی جانب سے جس انداز میں محبت دی گئی اس پر آپ سب کا مقروض ہو کر جارہا ہے۔ جس انداز سے آزادجموں وکشمیر بھر میں عزت افزائی کی گئی اس پر وکلاء اور ماتحت عدلیہ کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جب حق سچ کے ساتھ کھڑے ہوں تو کوئی بھی راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتا۔ ہائیکورٹ کے موجودہ ججز دلیر، لائق اور اصول پرست ہیں۔ ہائیکورٹ کے انفراسٹرکچر کے لیے فنڈز کی فراہمی پر تمام وزرائے اعظم اور سیکرٹریز کا بھی شکرگزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے وکلاء کو اللہ نے بہترین صلاحیتیں دی ہیں۔ انہوں نے بھرپور تعاون پر وکلاء اور میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل آزاد جموں وکشمیر شیخ مسعود اقبال نے کہا کہ چیف جسٹس صداقت حسین راجہ حق کے ساتھ رہے اور حق کا ساتھ دیا۔ آپ محبتوں کے سفیر ہیں۔ آپکی وجہ سے وکلاء کی تحریم اور تکریم میں اضافہ ہوا۔
سیکرٹری قانون و انصاف حکومت آزادکشمیر چوہدری سجاد احمد نے کہا کہ دلیری بہادری، اصول پرستی، حق بات پر قائم رہنا چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ کی طبعیت کا خاصہ ہے۔ عوام کو بھی چیف جسٹس صداقت حسین راجہ پر بھرپور اعتماد تھا۔ ریٹائرمنٹ پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وائس چیئرمین بار کونسل عقاب ہاشمی نے کہا کہ اللہ تعالی نے لوگوں کے دل چیف جسٹس صداقت حسین راجہ کی طرف موڑ دیے ہیں، شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
صدر سینٹرل بار ایسوسی سید انیس الحسن گیلانی نے کہا کہ چیف جسٹس صداقت حسین راجہ جیسے لوگ اپنے کردار کیوجہ سے عہدے کے محتاج نہیں ہوتے، آپ ہمارے دلوں سے کبھی ریٹائر نہیں ہوں گے۔ جسٹس صداقت حسین راجہ وکلاء اور ماتحت عدلیہ کے ماتھے کا جھومر ہیں۔
جنرل سیکرٹری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن سید مہر علی شاہ نے کہا کہ چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ نے پسے ہوئے طبقات کو انصاف کی فراہمی کیلئے کلیدی کردار ادا کیا۔
جنرل سیکرٹری ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن راجہ ظفر عمر خان نے کہا کہ چیف جسٹس نے وکلاء کے مسائل حل کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا۔
رجسٹرار ہائیکورٹ راجہ اطہر علی خان نے تقریب آمد پر چیف جسٹس، ججز ہائیکورٹ اور دیگر مہمانوں کا تقریب آمد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بھی اپنے خطاب میں چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ہائیکورٹ انتظامیہ کی جانب سے چیف جسٹس کو تحائف بھی پیش کیے گئے۔ تقریب کے اختتام پر دعا بھی کی گئی۔
*****
News II
Comments are closed.