ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس عبدالغفار مگسی نے فورس کے نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدامات جاری رکھے ہیں
کوئٹہ، ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس عبدالغفار مگسی نے فورس کے نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدامات جاری رکھے ہیں۔ حال ہی میں، ضلع سبی سے تعلق رکھنے والے سپاہی احسان علی ڈومکی ولد بلاول خان کو سروس سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ بلوچستان لیویز فورس ڈسپلنری رولز 2015 کے تحت کیا گیا، جس کی وجہ دانستہ غیر حاضری اور غیر پیشہ ورانہ رویہ قرار دیا گیا ہے۔ڈی جی لیویز نے واضح کیا ہے کہ فورس میں بدعنوانی، غفلت یا بزدلی کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اہلکاروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ فورس کی ساکھ اور کارکردگی متاثر نہ ہو۔ عبدالغفار مگسی نے کہا کہ لیویز فورس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور تمام بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پر ہوں گی احسان علی ڈومکی کی برطرفی اس بات کا ثبوت ہے کہ لیویز فورس میں نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ معیار کو اولین ترجیح دی جاتی ہے، اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جاتی ہے۔
Comments are closed.