وزیراعظم۔۔۔ سعودی عرب دورہ

19
وزیر اعظم  شہباز شریف عید الاضحیٰ کے موقع پر اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ  سعودی عرب کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے
اسلام آباد۔4جون  (اے پی پی): وزیر اعظم محمد شہباز شریف عید الاضحیٰ کے موقع پر اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ  سعودی عرب کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ بدھ کو وزارت خارجہ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف عید الاضحیٰ کے موقع پر 5 تا 6 جون  کو  سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ان کے ساتھ دورے پر ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی جائے گا۔  دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعودسے ملاقات کریں گے۔ بات چیت میں تجارت اور سرمایہ کاری، امت مسلمہ کی فلاح و بہبود اور علاقائی امن و سلامتی سمیت اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔ وزیراعظم محمدشہبازشریف پاک بھارت حالیہ تنازع کو کم کرنے میں تعمیری کردار پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے اور آزمودہ تعلقات کی نشاندہی کرتا ہے جو مشترکہ مذہب، باہمی احترام اور تزویراتی شراکت داری پر مبنی ہیں۔ یہ سعودی عرب کے وژن 2030 اور پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق اقتصادی اور سفارتی روابط کو گہرا کرنے کے لیے قیادت کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کے دورے سے پاکستان سعودی عرب تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور کثیر جہتی تعاون کی نئی راہیں کھلنے کی توقع ہے۔

Comments are closed.