اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کے بچوں اور بچیوں کو سپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے بھرپور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناءاللہ خان کا تقریب سے خطاب
اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنائ اللہ خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کے بچوں اور بچیوں کو سپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے بھرپور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے تمام ممکن وسائل مہیا کرے گی۔وہ منگل کو اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں تعلیمی اداروں کے طلبائ و طالبات میں سپورٹس کٹس اور ٹریک سوٹس تقسیم کرنے کی ایک خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر، وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی، ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ اور رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان بھی شریک تھے۔رانا ثنائ اللہ نے کہا کہ پہلے ان سہولیات سے صرف نجی تعلیمی اداروں کے طلبائ استفادہ کر رہے تھے، لیکن اب وفاقی تعلیمی اداروں کے بچے بھی سپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہمارے بچے اور بچیاں ان سہولیات سے فائدہ اٹھائیں گے تو ملک میں ایک صحت مند سپورٹس کلچر فروغ پائے گا، بچپن سے کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی عادت صحت مند اور متوازن زندگی کی بنیاد رکھتی ہے۔مشیر بین الصوبائی رابطہ نے اس پروگرام کے آغاز پر وفاقی سیکرٹری محی الدین وانی اور ڈی جی سپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت دی کہ یہ سہولیات اسلام آباد کے ہر سرکاری تعلیمی ادارے کے طالب علم تک پہنچنی چاہئیں، وزارت بین الصوبائی رابطہ اس ضمن میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر نے وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی کی جانب سے رانا ثنائ اللہ اور ڈی جی سپورٹس بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ سرکاری سکولوں کے طلبائ کو براہ راست کھیلوں میں حصہ لینے کا موقع مل رہا ہے۔ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ نے کہا کہ طلبائ کی بڑی تعداد کو دیکھ کر انہیں اپنا سکول کا زمانہ یاد آگیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سرکاری سکولوں کے 25 ہزار طلبائ میں ٹریک سوٹس، جاگرز اور کھیلوں کا سامان تقسیم کیا جائے گا، ہر طالب علم کو اپنی پسند کے کھیل میں شرکت کا موقع ملے گا اور پاکستان سپورٹس بورڈ انہیں پیشہ ور کوچز بھی فراہم کرے گا۔یاسر پیرزادہ نے مزید بتایا کہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران طلبائ کے لیے خصوصی سپورٹس سرگرمیوں کا شیڈول بھی ترتیب دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثنائ اللہ خان نے ابتدائی دن سے ہی ہدایت دی تھی کہ سپورٹس بورڈ کی سہولیات عام افراد کے لیے بھی دستیاب ہونی چاہئیں۔تقریب کے اختتام پر رانا ثنائ اللہ خان نے اسلام آباد کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبائ و طالبات میں سپورٹس کٹس اور ٹریک سوٹس تقسیم کیے۔

