
مظفرآباد (پی آئی ڈی )2جون- تحفظ ماحولیات ایجنسی آزاد کشمیر اور آزاد جموں و کشمیر یو نیورسٹی کے باہمی اشتراک سے عالمی یوم ماحولیات کی تقریبات کے تسلسل میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ تحفظ ماحولیات کے ڈپٹی ڈائر یکٹر ماحولیات علی سلیم ہمراہ متعلقہ سٹاف، یونیورسٹی کے شعبہ کیمسٹری کے اساتذہ ڈاکٹر محمد نعیم، ڈاکٹر بلال خان، ڈاکٹر ذوالقرنین اور طلباء وطالبات نے شرکت کی ۔ ادارہ کے ذمہ داران نے شرکا و واک کو آگاہ کیا کہ ہر سال 5 جون کو عالمی یوم ماحولیات ایک متفقہ نظریہ (Theme) کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اس سال کی Theme کے تحت عوام الناس میں کرہ ارض میں پلاسٹک ویسٹ کی صورت میں سامنے آنے والی ماحولیاتی آلودگی کے چیلنج کے بارہ میں آگاہی فراہم کرنا اور اس کے تدارک کےلیئے مربوط کاوشیں( Shared Responsibility) کرناہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات نے شرکا واک کو بتایا کہ خطہ آزاد کشمیر کو شدید ماحولیاتی بحران کا سامنا ہے ، ہمارے قدرتی وسائل موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی وجہ سے شدید دباؤ کا شکار ہیں ۔ پلاسٹک کی آلودگی ریاستی سطح پر ابھرتا ہوا ما حولیاتی چیلنج ہے جس کی وجہ سے آبی و زمینی حیاتیاتی تنوع کو شدید خطرات لاحق ہیں ، اس ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیئے ہمیں مل جل کر کام کرنا پڑے گا ،طلباء معاشرے کا Change Agent ہیں لہذا ان کو آگے بڑھ کر اس ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ تحفظ ماحولیات ایجنسی اس ضمن میں مستعد ہے اور ریاستی سطح پر پلاسٹک بیگز کی بناوٹ ترسیل و استعمال کے حوالہ سے پابندی کا اطلاق ہو چکا ہے۔ آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر موسمیاتی تبدیلی سے رونما ہونے والے خطرات سے نبرد آزما ہونے کے لیے جملہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور یہ سیکٹر آزاد حکومت کی Top Priority میں شامل ہے، اس ضمن میں وزراء آزاد حکومت پر مشتمل ” آزاد جموں و کشمیر ٹاسک فورس برائے اثرات موسمیاتی تبدیلی در آبی ذخائر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تا کہ ان خطرات سے نبرد آزما ہونے کے لیئے بروقت جامع حکمت عملی مرتب کی جاسکے۔
<><><>




