پاکستانتازہ ترین

ترجمان محکمہ آڈٹ آزاد جموں وکشمیر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مورخہ 31مئی 2025 کو اخبارات اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کے مشاہدہ سے پایا گیا کہ آڈیٹر جنرل آزادجموںوکشمیر کی سالانہ آڈٹ رپورٹ برائے سال 25-2024 کو جواز بناتے ہوئے موجودہ حکومت پر کرپشن کےالزمات عائد کیے گئے ہیں

مظفرآباد (پی آئی ڈی )یکم جون. ترجمان محکمہ آڈٹ آزاد جموں وکشمیر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مورخہ 31مئی 2025 کو اخبارات اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کے مشاہدہ سے پایا گیا کہ آڈیٹر جنرل آزادجموںوکشمیر کی سالانہ آڈٹ رپورٹ برائے سال 25-2024 کو جواز بناتے ہوئے موجودہ حکومت پر کرپشن کےالزمات عائد کیے گئے ہیں۔ جوکہ رپورٹ کے مندرجات سے مطابقت نہ رکھتے ہیں بلکہ آڈٹ رپورٹ میں عدم فراہمی ریکارڈ، زائد ادائیگی ، خلاف ضابطہ اخراجات اور عدم وضعگی حکومتی واجبات کے اعتراضات مرتب ہیں جن کا ذکر ان خبروں میں بھی موجود ہے۔آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر اپنے انتظامی امور33محکمہ جات اور 3164 دفاتر کے ذریعہ سرانجام دیتی ہے۔ جن میں سے 25 محکمہ جات کے حسابات (اخراجات اور آمدن) برائے مالی سال23-2022و 24-2023 کی پڑتال عمل میں لائی گئی ۔جس میں وزیراعظم سیکرٹریٹ اور محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کا گذشتہ تین مالی سالوں کا سپیشل آڈٹ بھی شامل ہے۔جبکہ مالی سال 24-2023 کے دوران اخراجات مبلغ18,662.100 ملین روپے اور آمدن مبلغ17,129.000ملین روپےکا آڈٹ کیا گیا۔ اس آڈٹ کے نتیجہ میں 21 محکمہ جات کے کل 93 عدم فراہمی ریکارڈ، زائد ادائیگی /حکومتی نقصان ، خلاف ضابطہ /بدوں منظوری مجا ز اتھارٹی اخراجات اور عدم وضعگی حکومتی واجبات/عدم وصولی حکومتی آمدن کے آڈٹ اعتراضات مرتب کیے گئے جس پر محکمہ جات نے محکمانہ اکونٹس کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا اور آڈٹ اعتراضات کو درست تسلیم کرتے ہوئے اپنا موقف پیش کیا ، زائد /خلاف ضابطہ ادا کردہ رقومات اور کم وصول کردہ آمدن مبلغ479.414 ملین روپے ریکوری کی گئی ۔ اور دوران مالی سال 24-2023 مبلغ911.151ملین روپے کی ریکوری تاحال زیر کار ہے ۔محکمہ جات کی جانب سے ان آڈٹ اعتراضات پر تعمیلی کارروائی زیر کار ہے۔ اس کے علاوہ حکومتی مالیاتی اور انتظامی پالیسی کے تحت آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے محکمہ جات میں بذیل اصلاحات عمل میں لائیں گئیں جن میں حکومتی آمدن کے اہداف کے حصول میں واضح /خاطر خواہ اضافہ ، ٹرانسپورٹ پالیسی سے متعلق قوانین میں تبدیلی ، گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال کی روک تھام اورسول سرونٹس ایکٹ 1976ء و تقرر و شرائط ملازمت رولز 1977 کے تحت تقرریوں کو باضابطہ طور پر کئے جانے کے ضمن میں واضح پیش رفت کے علاوہ ریاست میں مالی نظم و نسق میں شفافیت کی جانب انتہائی مثبت رجحان پایا گیا اور ٹھیکہ جات کی الاٹمنٹ میں ای ٹینڈرنگ کا نظام بھی متعارف کروایا گیا ۔
آڈیٹرجنرل آزاد جموں و کشمیر ہر سال مختلف محکمہ جات کا آڈٹ کرتے ہوئے آڈٹ رپورٹ قانون ساز اسمبلی میں پیش کرتا ہے ۔ یہ ایک جاری عمل ہے جس کے تحت ہر سال کی طرح امسال بھی آڈٹ رپورٹ 25-2024 عبوری آئین آزاد جموں و کشمیر 1974کے تحت جناب صدر آزاد جموں وکشمیر کی خدمت میں پیش کی گئی ہے جوکہ آزادجموں کشمیر قانون ساز اسمبلی میں پیش ہوکر مجلس حسابات عامہ میں زیر بحث لائی جائے گی جس پر حتمی فیصلہ مجلس حسابات عامہ صادر فرمائے گی۔

Related Articles

Back to top button