جرمنی‘ شیشہ کیفے پر حملوں میں آٹھ افراد ہلاک‘کئی زخمی

0 34

ہنائو (این این آئی)جرمنی کے شہر ہناؤ میں فائرنگ کے دو واقعات میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک جبکہ کئی زخمی ہوئے ہیں۔پولیس کے مطابق فرینکفرٹ سے 20 کلومیٹر کے فاصلے پر ہناؤ کے علاقے میں دو شیشہ کیفے نامعلوم حملہ آور کی فائرنگ کا نشانہ بنے۔پہلے حملے میں تین اور دوسرے میں پانچ افراد مارے گئے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 90 ہزار آبادی کے شہر ہناؤ میں پولیس بڑے پیمانے پر ملزمان کو تلاش کر رہی ہے۔نامعلوم حملہ آور یا حملہ آوروں نے شہر کے مرکز میں شیشہ بار کے سامنے عالمی معیاری وقت کے مطابق رات دس بجے کے قریب پہلا حملہ کیا۔پولیس کے مطابق پہلا حملہ کرنے کے بعد حملہ آور جائے واردات سے فرار ہوئے اور اس کے بعد دوسرے بار کے سامنے دوسرے حملے کی اطلاع موصول ہوئی۔عینی شاہدین نے مقامی میڈیا کو بتایا ہے کہ حملے کے وقت درجنوں گولیاں چلائی گئیں۔ہناؤ کے میئر کلاؤس کیمنسکی نے میڈیا کو بتایا کہ یہ ایک خوفناک رات تھی۔ آٹھ افراد کی ہلاکت نے مجھے ہلا کر رکھ دیا۔ ہمیں پولیس کی تحقیقات کا انتظار کر چاہیے۔جمعے کو پولیس نے دائیں بازو کے 12 ایسے شدت پسند افراد کو گرفتار کیا تھا جن کے بارے میں یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ بڑے پیمانے پر مسجدوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔جرمن ترکش اسلامک تنظیم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مسلمانوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کئے جائیں، مسلمان جرمنی میں خود مزید محفوظ نہیں محسوس کر رہے۔گذشتہ کچھ عرصے کے دوران جرمنی میں شدت پسندوں کی جانب سے مختلف علاقوں میں ایسے کئی حملے کیے گئے ہیں۔اکتوبر 2019 میں جرمنی کے شہر ہالے میں ایک یہودی عبادت خانے اور ترکش ریستوران پر حملہ ہوا تھا جس میں دو افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے تھے۔گذشتہ جون پناہ گزینوں کی پالیسی کے حامل سائنسدان کو ان کے گھر میں مارا گیا۔2016 میں بھی برلن میں ہوئے ایک حملے میں 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.