لندن پلان کی خبریں سازش کا حصہ ہیں، بلاول بھٹو زرداری
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ چند روز سے میڈیا میں گردش کرنے والی لندن پلان کی خبروں کو سازش کا حصہ قرار دے دیتے ہوئے کہاہے کہ فیصلہ کرنے والے پاکستان کی عوام ہیں، کسی کی مرضی یا سازش کے تحت حکومت کو نہیں چلنا چاہیے،2020 تبدیلی کا سال ہے، اپوزیشن کے پاس ان ہاؤس تبدیلی اور نئے انتخابات کا آپشن ہے،جو سیاست دان عوام کا ساتھ نہیں دیں گے ان کا کوئی مستقبل نہیں ہے،مولانا فضل الرحمن کے شیڈول کے بارے میں نہیں جانتے ، مہنگائی اور بجٹ کے خلاف ہمارا ایک نئے پہلو کا آغاز مارچ میں ہوگا، مارچ کے اعلان کے ہوتے ہی حکومت نے ہمیں دھمکانے اور دباؤ میں ڈالنے کی کوشش کی ،ہم پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوںنے کہاکہ سیاسی و معاشی صورتحال میں بہتری نظر آرہی ہے، سمجھتے ہیں کہ 2020 تبدیلی کا سال ہے، اپوزیشن کے پاس ان ہاؤس تبدیلی اور نئے انتخابات کا آپشن ہے۔انہوںنے کہاکہ جس طرح سے پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف ڈیل عوام پر ڈالی ہے، سمجھتے ہیں کہ اس ملک کی عوام اس حکومت کو زیادہ دیر تک برداشت نہیں کرسکے گی۔انہوں نے کہا کہ جو سیاست دان عوام کا ساتھ نہیں دیں گے ان کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاکہ یہ حکومت اس بات پر ڈٹی ہے کہ سیاسی مخالفین سے انتقام کیسے لیا جائے۔مولانا فضل الرحمن کے مارچ میں عوام میں جانے کے اعلان کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کے شیڈول کے بارے میں نہیں جانتے تاہم مہنگائی اور بجٹ کے خلاف ہمارا ایک نئے پہلو کا آغاز مارچ میں ہوگا۔انہوںنے کہاکہ جیسے ہی ہم نے یہ اعلان کیا تو حکومت نے ہمیں دھمکانے اور دباؤ میں ڈالنے کی کوشش کی تاہم ہم پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے مارچ کا مقصد پاکستان کے عوام تک معاشی صورتحال کا موقف پہنچائیں اور حکومت کو پیغام پہنچائیں کہ پی ٹی آئی ایم ایف معاہدہ پاکستان کی عوام کو قبول نہیں اور حکومت اس معاہدے کو چھوڑ کر پھر سے مذاکرات کرے اور عوام دوست منصوبہ لے کر آئے۔اہم شخصیات کی لندن روانگی اور لندن پلان کے حوالے سے خبروں پر سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے اس کا کوئی علم نہیں اور سمجھتا ہوں کہ یہ خبریں سازش کا حصہ ہیں، فیصلہ کرنے والے پاکستان کی عوام ہیںاور کسی کی مرضی یا سازش کے تحت اس حکومت کو نہیں چلنا چاہیے۔مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے لندن میں اکٹھے ہونے کے والے سے انہوںنے کہاکہ ہر سیاسی جماعت کا اپنا کردار ہوتا ہے اور امید ہے کہ یہ کوئی ڈیل کا نتیجہ نہیں ہوگا۔انہوںنے کہاکہ میں ملک میں موجود ہوں کہیں بھاگنے والا نہیں اور عوام کے لیے مسائل پر جدوجہد جاری رکھوں گا۔مولانا فضل الرحمن کے دھرنے کے دوران ہونے والے معاہدے کی خبروں کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایسے کسی معاہدے کا علم نہیں، دھرنے کے دوران بھی اعتراض کیا تھا کہ ہم جمہوری طریقے کو مانتے ہیں اور کسی قسم کے معاہدے کا نہ حصہ تھے اور نہ ہوسکتے ہیں۔