
اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی میں سال 2019میں ملک بھر میں ہوئے جرائم کی تفصیلات پیش کر دی گئیں جس کے مطابق سال 2019میں 777251جرائم ریکارڈ ہوئے،پنجاب جرائم میں 490155جرائم کے مقدمات کے اندراج کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، کے پی کے دوسرے ، سندھ تیسرے اور بلوچستان چوتھے نمبر پر رہا،اسلام آباد میں بچوں سے جنسی زیادتی کے واقعات میں کمی ہوگئی۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دور ان وزارت داخلہ نے بتایاکہ سال 2019میں 777251جرائم ریکارڈ ہوئے،پنجاب جرائم میں 490155جرائم کے مقدمات کے اندراج کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا۔ وزارت داخلہ نے بتایاکہ کے پی کے 178131مقدمات کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا ،سندھ 85676جرائم کے مقدمات کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا ،سب سے کم جرائم گلگت بلتستان میں ہوئے۔ وزارت داخلہ کے مطابق کے پی کے میں پشاور 38926جرائم کے ساتھ پہلے اور کوہستان 222جرائم کے ساتھ سب سے کم جرائم والا ضلع رہا ۔وزارت داخلہ کے مطابق اسلام آباد میں بچوں سے جنسی زیادتی کے واقعات میں کمی ہوگئی۔ وزارت داخلہ کے مطابق سال دوہزار اٹھارہ میں اسلام آباد میں بچوں سے زیادتی کے 66واقعات ہوئے،سال دوہزار انیس میں بچوں سے زیادتی کے 60واقعات ہوئے ۔وزارت داخلہ کے مطابق سال دوہزار اٹھارہ میں بچوں سے زیادہ کے 80ملزمان گرفتار ہوئے،سال دوہزار انیس میں 75ملزمان گرفتار ہوئے ۔وزارت داخلہ کے مطابق سال دوہزار انیس میں ایک ملزم کو سزا ہوئی باقی کا ٹرائل ہورہا ہے۔




