
اسلام آباد،راولپنڈی (این این آئی)اسلام آباد اور راولپنڈی میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور جوش و جذبے اور اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی اور پوری ریاست جموں و کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق تک کشمیری عوام کی تحریک آزادی میں تعاون جاری رہے گا۔جڑواں شہروں میں صبح دس بجے تمام ٹریفک رک گئی اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔یوتھ ایسوسی ایشن کی جانب سے نیشنل پریس کلب کے سامنے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کی قیادت میں دفتر خارجہ کے سامنے ریلی نکالی گئی۔جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کراچی کمپنی میں خواتین کی ریلی بھی نکالی گئی۔آبپارہ میں ضلعی انتظامیہ،سول سوسائٹی اور سیاسی جماعتوں کی مشترکہ ریلی بھی نکالی گئی۔جمعیت علماء اسلام ف کے زیر اہتمام کمیونٹی سینٹر اسلام آباد میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی تک پاکستانی عوام اپنے بہادر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔لال حویلی راجہ بازار،لیاقت باغ اور چاندنی چوک میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ریلیاں نکالی گئیں اور جلسے منعقد کئے گئے ۔پاکستان پوسٹ نے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے خصوصی یادگاری ٹکٹ جاری کیا۔شاہراہ دستور،شاہراہ جمہوریت اور فضل حق روڈ سمیت فیض آباد،کمیٹی چوک،مریڑ چوک،صدر اور لیاقت باغ کو آزادکشمیر اور پاکستان کے جھنڈوں سے سجایا گیا تھا۔پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا اور ثقافتی شو منعقد ہوا۔پی این سی اے میں بھی تصویری نمائش اور پپٹ شو کا انعقاد کیا گیا جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بھرپور عکاسی کی گئی تھی۔جڑواں شہروں میں مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ریلیاں نکالی گئیں جن میں مقررین نے بھارتی مظالم کو اجاگر کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ رہے گی۔اخبارات نے اس مناسبت سے خصوصی ضمیمے جاری کئے جبکہ قومی چینلز سے اس حوالے سے پروگرام پیش کئے-




