
اسلام آباد(این این آئی)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ اپنی آزادی اور وطن کے دفاع کیلئے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔بدھ کو یہاں کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔ریلی میں خواتین ارکان پارلیمنٹ،مختلف شعبہ سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی ۔معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غیر قانونی تسلط کے خاتمے کا دن آن پہنچا،مظلوم کشمیری عوام مدد کیلئے پاکستانی بہن بھائیوں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔معاون خصوصی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کا قتل عام ہو رہا ہے۔معاون خصوصی اطلاعات نے کہاکہ آج دختران پاکستان جدوجہد آزادی میں دختران کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی حق خودارادیت دیا جائے،وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر انتہائی دلیرانہ انداز میں اجاگر کیا،پاکستانی قیادت اور عوام کشمیریوں کے زخم کو اپنے جسم پر محسوس کرتے ہیں۔معاون خصوصی نے کہاکہ اپنی آزادی اور وطن کے دفاع کیلئے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔




