
اسلام آباد(این این آئی) وفاقی وزیرقانون و انصاف فروغ نسیم نے کہا ہے کہ ہم طویل عرصے سے مصائب میں گھرے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کا مقدمہ لڑتے رہیں گے، ہم آر ایس ایس کے نظریے سے متاثر ہندوستانی حکومت کے اصل چہرے کو بے نقاب کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ بدھ کو یہاں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وفاقی وزیر قانون و انصاف محمد فروغ نسیم نے کہاکہ ہم یوم یکجہتی کشمیر پر اس عظم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم طویل عرصے سے مصائب میں گھرے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کا مقدمہ لڑتے رہیں گے۔ فروغ نسیم نے کہاکہ ہم آر ایس ایس کے نظریے سے متاثر ہندوستانی حکومت کے اصل چہرے کو بے نقاب کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ فروغ نسیم نے کہاکہ بھارت کے جمہوریت اور سیکولرازم کے دعوئوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ آج کشمیر میں لاکڈائون 185 واں دن ہے جس نے کشمیری عوام کی زندگی مفلوج کردی ہے۔ فروغ نسیم نے کہاکہ آرٹیکل 370 کی منسوخی اور مودی حکومت کا کشمیریوں سے ان کی خودمختاری چھیننا حقیقت میں کشمیری طویل سیاہ تاریخ کا ایک اور تکلیف دہ باب ہے۔ فروغ نسیم نے کہاکہ ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی جدوجہد پر مکمل اعتماد ہے۔انہوںنے کہاکہ ہمارے کشمیری بھائیوں اور بہنوں نے آزادی کی جدوجہد میں ہر بار کرفیو ، غیر قانونی نظربندی ، مواصلات پر پابندی اور اپنے پیاروں کی گمشدگی کا سامنا بھر پور حوصلے سے کیا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان نسلی عصبیت کے خاتمے اور آزادی کا سورج طلوع ہونے تک ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں کے لیئے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔




