اہم خبریںپاکستان

مریم نوازکو انسانی ہمدردی پر نواز شریف کے پاس لندن آنے کی اجازت دی جائے،شہباز شریف کا حکومت سے مطالبہ

لندن/اسلام آباد(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مریم نوازکو انسانی ہمدردی پر نواز شریف کے پاس لندن آنے کی اجازت دی جائے،نوازشریف کی صحت بدستور تشویشناک اور غیرمستحکم ہے، ان کے علاج کیلئے ضروری عمل میں دو مرتبہ تبدیلی کرنا پڑی ،شریک حیات کھودینے کے شدید غم نے ان کی صحت پر انتہائی منفی اثرات مرتب کئے، اپنی زندگی کے مشکل ترین وقت میں مریم نواز ان کے لئے ڈھارس بنیں۔ بدھ کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے محمد نوازشریف کی صحت سے متعلق بیان میں کہاکہ سابق وزیراعظم اور میرے برادر بزرگ میاں محمد نوازشریف کی صحت بدستور تشویشناک اور غیرمستحکم ہے، ان کے علاج کے لئے ضروری عمل میں دو مرتبہ تبدیلی کرنا پڑی کیونکہ ان کی صاحبزادی مریم نوازشریف جو ایسے وقت میں اپنے والد کے پاس ہونا چاہتی ہیں، کو پاکستان سے آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔  انہوںنے کہاکہ پیچیدہ نوعیت کی متعدد جان لیوا بیماریوں کے لاحق ہونے کی بناء پر میاں نوازشریف کی صحت کی صورتحال نازک ہے۔ عارضہ قلب کی تکلیف کی بناء انہیں پہلے بھی دومرتبہ اوپن ہارٹ سرجری سمیت متعدد قسم کے علاج کے عمل سے گزرنا پڑا۔ انہوںنے کہاکہ میاں صاحب کے عارضہ قلب کی موجودہ صورتحال کی تشخیص اور علاج کی حکمت عملی سے متعلق جامع عمل لندن کے رائل برومپٹن ہسپتال میں مرتب ہوئی،معالجین نے ان کے دل کی شریانوں اور خون کے بہاو میں رکاوٹوں، دل کے بڑے حصے اور اس کے کام کرنے کے عمل کے شدید متاثر ہونے کا انکشاف کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ بیگم کلثوم نوازصاحبہ نے دارفانی سے کوچ کیا تو میاں نوازشریف اپنی صاحبزادی کے ہمراہ جیل میں قید تھے۔ اپنی شریک حیات کھودینے کے شدید غم نے ان کی صحت پر انتہائی منفی اثرات مرتب کئے۔ اپنی زندگی کے اس مشکل ترین وقت میں مریم نواز ان کے لئے ڈھارس، عافیت وآسودگی، غم بانٹنے اور ان کی قوت کا باعث بنیں۔ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ انہیں اپنے والد کی دیکھ بھال کے لئے آنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مریم نوازشریف کے میاں صاحب کے پاس نہ ہونے کی بناء پر ماہر امراض قلب کو دو بار ’کارڈیک کیتھیٹرائزیشن‘ کا طے شدہ عمل تبدیل کرنا پڑا۔ انہوںنے کہاکہ میاں صاحب کی صحت کی تشویشناک حالت کے پیش نظر مریم نوازکو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپنے والد کے پاس آنے کی اجازت دی جائے۔کیونکہ جتنا وقت گزررہا ہے اتنا ہی طبی عمل کے لئے گنجائش کم ہورہی ہے۔انہوںنے کہاکہ میاں نوازشریف تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم پاکستان ہیں جن کی قومی معیشت اور دفاع کے لئے کاوشیں ناقابل فراموش اور مثالی ہیں۔ نیب عدالت کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے وہ اپنی صاحبزادی کے ہمراہ پاکستان واپس آگئے اور فیصلے پر شدید تحفظات کے باوجود وہ جیل چلے گئے اور ڈیڑھ سال تک ٹرائل اور ایک سو سے زائد پیشیوں کا سامنا کیا۔ ان کے علاج معالجے کے حق کے احترام کی ضرورت ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button