
کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان کے 16ڈسٹرکٹ میں 5ارب روپے کی لاگت سے 19ڈیمز پر کام جاری ہے ،وفاق کی طرف سے فنڈز کی کمی کے باعث ڈیمز پر کام سست روی کا شکار ہے انشاء اللہ جلد ہی یہ ڈیمز مکمل کرلئے جائیں گے۔ یہ بات پروجیکٹ ڈائریکٹر 100ڈیمز بلوچستان شعیب احمدترین نے بتائی ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں وفاقی بجٹ سے 24ڈیمزبننے تھے جن میں سے 5ڈیمز کے ڈیزائن کی تبدیلی کیلئے بھیجا گیا ہے اور 16ڈسٹرکٹ میں 19ڈیمزپر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں جاری ڈیمز پر 3سال میں کام مکمل ہونا تھاتاہم وفاق کی جانب سے فنڈز کی کمی کے باعث ان ڈیمز کی تعمیر پر کام سست روی کا شکار ہے امید ہے کہ وفاق کی جانب سے فنڈز کی فراہمی کے بعد ان ڈیمز پر جلد ہی کام مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قلعہ عبداللہ میں 300کے قریب چھوٹے ڈیمز بھی تعمیر کئے جارہے ہیں جس قلعہ عبداللہ میں پانی کی سطح بلند کرنے میں مدد مدد ملے گی۔ ایک سوال کے جواب میں شعیب احمد ترین نے بتایا کہ صوبے میں جاری19ڈیمز پر لاگت کا تخمینہ 5ارب روپے سے زائد ہے ۔



