اہم خبریںکھیل

انڈر 19 ورلڈکپ، روایتی حریف پاکستان ،بھارت (آج )سیمی فائنل میں مدمقابل آئینگے

پوچیف اسٹروم/ لاہور /اسلام آباد( این این آئی)روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی انڈر 19ٹیمیںجنوبی افریقہ میں جاری آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے پہلے سیمی فائنل میں (آج ) منگل کو پوچیف اسٹروم میں واقع جے پی مارکس اوول میں مدمقابل آئیں گی۔کرکٹ پنڈت اور دنیا بھر خصوصاً برصغیر میں موجود شائقین کرکٹ نے ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل پر نظریں مرکوز کررکھی ہیں۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم 9 فروری کو شیڈول فائنل میں رسائی حاصل کریگی۔ اس سے قبل دونوں ٹیمیں متعدد بارآئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ جیت چکی ہیں۔ پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم نے یہ کارنامہ 2 مرتبہ سرانجام دیاہے۔ادھر ایونٹ کی دفاعی چمپئن بھارت اس سے قبل 4 مرتبہ میگا ایونٹ میں چمپئن ٹیم قرار پاچکی ہے۔دونوں ٹیمیں اس سے قبل آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2006 کے فائنل میں نبردآزما ہوچکی ہیں۔ اس تاریخی میچ میں پاکستان نے 109 رنز پر مشتمل کم ہدف کا دفاع کرتے ہوئے حریف ٹیم کو 71 رنز پر ڈھیر کرکے شکست سے دوچار کردیا تھا۔ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 9 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی ہیں جہاں کامیابی5مرتبہ پاکستان جبکہ 4مرتبہ بھارت کے نام رہی۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان آخری 4 میچز میں 3 بھارت اور 1 پاکستان نے جیتا ہے۔اس سے قبل بھی دونوں ٹیمیں گذشتہ ایڈیشن کے سیمی فائنل میں ٹکرائی تھیں جہاں بھارت نے فتح حاصل کی تھی۔یاد رہے کہ رواں ایڈیشن میں پاکستان نے تاحال بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، گروپ میچز میں اسکاٹ لینڈ کو 75 رنز پر ڈھیر کرنے والی پاکستانی باؤلنگ لائن اپ نے دوسرے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی بنگلہ دیش کی ٹیم کے 9 کھلاڑیوں کو محض 106 رنز پر پویلین واپس بھجوادیا تھا، دونوں ٹیموں کے درمیان میچ بارش کے باعث مکمل نہیں ہوسکا تھا،ایونٹ کے کوارٹرفائنل میں بھی پاکستان نے افغانستان کو 189 پر ڈھیر کرکے کامیابی حاصل کی تھی۔بیٹنگ کے شعبے میں بھی پاکستان کی کارکردگی متاثر کن رہی ہے، زمباوے کیخلاف 73 رنز پر ابتدائی 3 وکٹیں گرنے کے باوجود پاکستان انڈر19 ٹیم 294 رنز کا ہدف مقرر کرنے میں کامیاب رہی تھی۔افغانستان کے مضبوط باؤلنگ اٹیک کے باوجود قومی انڈر19 ٹیم نے 190 رنز کا ہدف محض 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا تھا۔ایونٹ کے 4 میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کرکے آلراؤنڈر عباس آفریدی تاحال پاکستان کے سب سے کامیاب باؤلر ہیں۔ محمد عامر خان اور طاہر حسین بالترتیب 2 اور 4 میچوں میں 7،7 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔بیٹنگ ڈیپارٹمنٹ میں مڈل آرڈر بیٹسمین محمد حارث 110 رنز بناکر اب تک ایونٹ میں پاکستان کے سب سے کامیاب بیٹسمین ہیں۔ زمباوے کے خلاف 81 رنزکی اننگز اب تک ایونٹ میں ان کا بہترین اسکور ہے۔ اس فہرست میں دوسرا نام قاسم اکرم کاہے جن کا مجموعی اسکور 84 ہے۔سیمی فائنل میچ کے دوران پاکستان انڈر 19 ٹیم کی نظریں دائیں ہاتھ کے بلے باز حیدر علی پر جمی ہوں گی، نوجوان بلے باز نے کوارٹرفائنل میں 34 گیندوں پر 5 چوکوں کی مد د سے 28 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو ایک مستحکم آغاز فراہم کیا تھا۔حالیہ ڈومیسٹک سیزن اور اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں سنچری اسکور کرنے والے حیدر علی تاحال ایونٹ میں متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے تاہم انہیں امید ہے کہ وہ سیمی فائنل میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین حیدر علی نے کہا کہ افغانستان کیخلاف مثبت آغاز سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھارت کے خلاف میچ میں لمبی اننگز کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ حیدر علی نے کہاکہ ہر دن نیا ہوتا ہے اور وہ سیمی فائنل کے لیے میدان میں اترنے سے قبل کسی دباؤ کا شکار نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق کرکٹرز افغانستان کے خلاف میچ میں ان کی بلے بازی کو سراہ رہے ہیں جس سے ان میں خوداعتمادی بڑھ رہی ہے۔حیدر علی نے کہا کہ انہوں نے اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف 45 رنز کی اننگز کھیلی تھی،وہ پراعتماد ہیں کہ سیمی فائنل میچ میں بطور اوپنر وہ 100 فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے جو ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرے گی۔دوسری جان ب قومی انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد نے کہا کہ بھارت کے خلاف منگل کو ہونے والا سیمی میچ فائنل میچ فائنل کی حیثیت رکھتا ہے۔انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کوچ اعجاز احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بہترین کمبی نیشن اور حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے، جب سے ٹیم کی ذمہ داری سنبھالی ہے، ایک میچ بھی نہیں ہارے، بھارت کے خلاف میچ کی اہمیت کا سب کو احسا س ہے، لڑکے بہترین پرفارمنس دینے کے لیے تیار ہیں۔ہیڈکوچ کے مطابق حیدرعلی اور روحیل نذیر ابھی تک توقعات کے مطابق کھیل پیش نہیں کرسکے، یقین ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں وہ شاندار اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوں گے، پورے ٹورنامنٹ میں زبردست پرفارمنس دی ہے،اہم کامیابی سے صرف دو میچ کی دوری پر ہیں، سیمی فائنل جیت کر فائنل بھی اپنے نام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ لڑکوں سمجھایا ہے اس میچ کا پریشر نہیں لینا، عام میچ کی طرح کھیلیں، بھارت کے مقابلے میں ہماری ٹیم کا توازن زیادہ بہتر ہے ، بولنگ میں ہمارے پاس زیادہ وارئٹی ہے، بھارتی اوپنرز کو جلد آوٹ کرنا اہم ہدف ہوگا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button