آرمی ایکٹ میں ترمیم کے حوالے سے قومی اسمبلی کی دفاعی کمیٹی کا اجلاس (آج) دوبارہ طلب

0 30

اسلام آباد(این این آئی)آرمی ایکٹ میں ترمیم کے حوالے سے قومی اسمبلی کی دفاعی کمیٹی کا اجلاس (آج)پیر کو دوبارہ طلب کرلیا گیا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کی دفاعی کمیٹی کا اجلاس پیر کو دوبارہ طلب کرلیا گیا ہے جس میں دیگر امور کے علاوہ آرمی ایکٹ، ایئر فورس ایکٹ اور نیوی ایکٹ پر غور اور ان کی منظوری بھی دی جائے گی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ سکریٹری قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی کی دفاعی کمیٹی کے 3 جنوری کو ہونے والے اجلاس پر اعتراضات اٹھائے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین کمیٹی امجد نیازی کی غیر موجودگی پر جمیل احمد خان نے 3 جنوری کے اجلاس کی صدارت کی حالانکہ انہیں قواعد کے تحت عبوری چیئرمین نہیں بنایا گیا تھا۔واضح رہے کہ 3 جنوری کے اجلاس میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اراکین بھی شریک ہوئے تھے۔دوسری جانب وفاقی حکومت اپوزیشن کے مطالبے پر آرمی ایکٹ میں ترامیم کے بلز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کو بھیجنے پر تیار ہوگئی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس میں جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق خان نے ترمیمی بل کی مخالفت کی تھی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہداللہ خان نے مطالبہ کیا تھا کہ قانون سازی کے طریقہ کار پر عملدرآمد کیا جائے۔یکم جنوری کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں آرمی ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دی گئی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.