حکومت عوامی مسائل کے حل ،کرپشن کے خاتمے ،بلوچستان کو حقوق دینے میں دلچسپی نہیں لے رہی ،مولانا عبدالحق ہاشمی
کوئٹہ( این این آئی)جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل ،کرپشن کے خاتمے اور بلوچستان کو حقوق دینے میں دلچسپی نہیں لے رہی آرڈیننسزکے ذریعے لاڈلوں کو آسانی وراہ فرارکا موقع دیکر بدعنوان عناصر کی سرپرستی کی جارہی ہے ۔بلوچستان میں گیس بحران ،بے روزگاری اور بدعنوانی آج بھی عروج پر ہے ۔وفاق کی جانب سے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا جارہا مہنگائی بے روزگاری کا خاتمہ حکومت کی ترجیح نہیں صرف تسلی ،وعدے اور خالی خولی بے عمل اعلانات کیے جارہے ہیں ۔معیشت کا پہیہ جام ،بھاری سودی قرضوں کا حصول کا حصول ہی ہدف رہ گیا ہے ۔ناکامی حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے صنعتکار ،تاجراور اچھے پڑھے لکھے سرمایہ داروں نے بیرون ملک جانے کا رُخ کر دیا ہے جو لمحہ فکریہ ہے ۔حکومت کو نئے سال میں عوام کی حقیقی خدمت ،بدعنوان عناصر کی گرفتاری وقومی دولت برآمد کرنے مہنگائی وبے روزگاری کم کرنے پرتوجہ دیناچاہیے بلوچستان کی ترقی ،مسائل سے نجات کو نئے سال میں خصوصی ہدف بنایا جائے ۔ جماعت اسلامی نے آرمی ایکٹ میں حکومت کا نہیں اصولوں کا ساتھ دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے دوروزہ صوبائی مجلس شوریٰ کے پہلے سیشن سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں صوبہ بھر سے اراکین شوریٰ ،صوبائی ذمہ داران ہدایت الرحمان بلوچ ،بشیر احمدماندائی ، مولاناعبدالکبیرشاکر ،ڈاکٹر عطاء الرحمان ،زاہد اختر بلو چ،میر محمد عاصم سنجرانی اور برادرتنظیموں کے صوبائی ذمہ داران نے شرکت کی ۔اس موقع پرسابقہ کاروائی وجماعت اسلامی کی صوبائی تنظیمی رپورٹ بھی پیش کی گئی اور منصوبہ عمل 2020ء کی منظوری بھی دی گئی اجلاس آج بھی جاری رہیگااجلاس میں بلوچستان وخطے کی مجموعی سیاسی علاقائی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے خطاب میں مزید کہاکہ حکومت نے کشمیر کا مسئلہ پست پشت ڈال کر کشمیریوں عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے نمک پاشی کی۔قوم کو بھکاری بناکر دنیابھر میں مزید بدنام کر دیا ہے۔ حکومت نے عوام کو باربارتسلی دی وعدے کیے اب حکومت کواپنی روش یکسرتبدیل کرکے تسلی اور عدوں سے آگے جاکر عمل درآمداور اقدامات اُٹھانے چاہیے ۔ملک وقوم کو مہنگائی قرض، لاقانونیت سے نجات دلاکر کرپشن کا خاتمہ کریں ملک کے عوام بلخصوص نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بناتے ہوئے روزگار وتعلیم کے بہتر وآسان مواقع فراہم کریں ۔ملک کو اس کے اسلامی نظریات کے مطابق چلائیں تاکہ افواہوں ودشمن کی سازشوں کا خاتمہ ہوسکیںحکومت کو ہر صورت اپنا قبلہ درست کرناہوگا بصورت دیگر یہ ملک وقوم اور موجودہ حکومت کے مفادمیں نہیں ہوگا غربت کے خاتمے وغریبوں کو ریلیف دینے کیلئے حکومت نے نہ اقدامات کیے اور نہ ہی کوئی پالیسی بنائیں جولمحہ فکریہ ہے ۔آئی ایم ایف کے ملازمین وپالیسیوں اوربھاری سودی قرضوں سے ملک نہیں چل سکتا بلکہ یہ غلامی کے دلدل میں قوم کومستقبل پھنسانے کا راستہ ہے جس سے نجات میں ہی قوم کی فلاح وترقی ہے ۔جھوٹ غلط بیانی کے بجائے حکومت حقیقت پر مبنی پالیسی وعوام دوست اقدامات اُٹھائیں جماعت اسلامی ساتھ دیگی ۔ملک کے نظریات کے خلاف کوئی پالیسی واقدام کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا ۔کرپشن کو تحفظ دینے کیلئے آرڈننسیز سے تباہی وبربادی کے سواکچھ نہیں آئیگا۔ حکومت پالیسیاں ٹھیک بنائیگی عملی اقدامات سامنے آئیں گے تو قوم کا اعتماد بحال اور بیرون ملک جانے والے پاکستانی واپس آئیں گے قوم خوشحال ہوگی۔