ضلع بھمبر میں شدید بارش، ندی نالوں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور الرٹ جاری

21

30 جولائی 2025
بھمبر(پی آئی ڈی)
آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر اور اس کی تینوں تحصیلوں — سماہنی، بھمبر اور برنالہ — میں رات سے صبح تک موسلا دھار بارش کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا، جس کے باعث ندی نالوں میں شدید طغیانی پیدا ہو گئی۔

متعدد مقامات پر نالہ جات میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے فوری اقدامات کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ پر رکھا۔

ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری حق نواز نے تمام سرکاری اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے اور کہا ہے کہ تمام افسران و عملہ اپنی ڈیوٹی پر موجود رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے محکمہ شاہرات (PWD) نے سڑکوں کی بحالی کا کام شروع کر دیا ہے، جبکہ پیر گلی سماہنی اور دیگر علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے عوام، بالخصوص مسافروں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ موسمیات کی جاری کردہ ویدر ایڈوائزری پر عمل کریں، انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ پولیس اور مجسٹریٹس کو بھی فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ ہنگامی حالات میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔

محکمہ برقیات کے اہلکاروں کو بھی فیلڈمیں تعینات کیا گیا ہے تاکہ بجلی کی تنصیبات کے قریب عوام کو جانے سے روکا جا سکے اور کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔

ادھر محکمہ لائیو اسٹاک کے عملے کو بھی ضلع بھر میں الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ عوام کے مویشیوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے، جبکہ محکمہ صحت کو تینوں تحصیلوں میں سانپ کے کاٹنے سے بچاؤ کی ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر قریبی انتظامی دفتر یا پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں۔

Comments are closed.