چیئرمین نیب کی سربراہی میں قومی احتساب بیورو نے ملک سے کرپشن کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے،فرما ن اللہ خان

0 29

کوئٹہ( این این آئی) کرپشن سے متعلق عوام الناس کی شکایات سننے کے لئے نیب بلوچستا ن میں کھلی کچہری لگائی گئی۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دور دراز علاقوں سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ پیش ہو کر مختلف وفاقی و صوبائی محکموں کے کرپٹ افسران و اہلکاروں کے خلاف بدعنوانی اور عوام الناس سے دھوکہ دہی، مفاد عامہ کے منصوبوں میں مبینہ کرپشن کی نشاندہی کی اور ڈی جی نیب سے ان پر کاروائی کی درخواست کی۔ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان فرمان اللہ خان نے اس موقع پر تمام سائلین کو نیب کے قانون این اے او 1999 کے دائرہ کار میں آنے والی تمام شکایت پر بھرپور کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔ ڈی جی نیب بلوچستان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو چیئر مین نیب جسٹس جاوید اقبال کے وژن اور” احتساب سب کے لئے یکساں” کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور وطن عزیز سے بد عنوانی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے بد عنوانی کے مکمل خاتمے کے لئے تمام مکاتب فکر کی کرپشن سے نفرت کے جذبات کی ترویج کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی احتساب بیورو کرپشن کے کیسز کی تحقیقات کے ساتھ ساتھ تمام مکاتبِ فکر کے ساتھ شعور و آگاہی کی مہم بھی کامیابی سے چلا رہا ہے۔ نیب بلوچستان عوام الناس سے دھوکہ دہی کے کیسزکی تحقیقات میرٹ کے مطابق کر رہا ہے تا ہم وائٹ کالر کرائم کو منطقی انجام تک پہنچانے اور قانون کی گرفت میں لانے کے لئے وقت در کار ہو تا ہے۔ انہوں نے کرپشن کے تدارک کیلئے عوام کی شرکت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کی نشاندہی کی جائے، نیب بھرپور کارروائی کرے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.