امارات کے قریب سمندر میں آئل ٹینکر میں آتش زدگی،عملے کو بچا لیا گیا
ابوظہبی(این این آئی)متحدہ عرب امارات میں فیڈرل اتھارٹی برائے لینڈ اینڈ میری ٹائم ٹرانسپورٹ نے ایک ریسکیو آپریشن میں سمندر میں ایک آئل ٹینکر میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ ریسکیو آپریشن میں آئل ٹینکر کے عملے کو بچا لیا گیا ہے۔اماراتی نیوز ایجنسی نے بتایا کہ خلیج عرب میں امارات سے 20 ناٹیکل میل دور ایک آئل ٹینکر کو آگ لگ گئی۔ اماراتی میری ٹائم ٹرانسپورٹ حکام نے فوری کارروائی کرکے عملے کو بچا لیا جب کہ آئل ٹینکر میں لگی آگ بجھانے کا عمل جاری ہے۔ایجنسی نے مزید کہا کہ امارات میں بندرگاہوں اور سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی شروع کی۔ فوری ایکشن کے نتیجے میں آئل ٹینکر کے کپتان اور دیگر عملے کو بچا لیا گیا۔اماراتی حکام کا کہنا تھا کہ آتش زدگی کا شکار ہونے والے ٹینکر پر تیل نہیں لادا گیا۔ حادثہ جہاز کے مرمتی کام کے دوران پیش آیا ہے۔