کوئٹہ، 29 جون :ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو اقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ترجمان کے مطابق اس ضمن میں حکومت بلوچستان کا ہیلی کاپٹر ہمہ وقت، یعنی 24 گھنٹے ساتوں دن، ریسکیو آپریشنز کے لیے دستیاب ہوگا۔ شاہد رند نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں متاثرہ علاقوں میں فوری فضائی رسائی ممکن بنائی جائے گی تاکہ لوگوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اس بات سے بخوبی آگاہ ہے کہ مون سون سیزن صوبے کے کئی علاقوں میں خطرات کا باعث بن سکتا ہے، اسی لیے قبل از وقت مؤثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ترجمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ عوام کی جان، مال اور بنیادی ضروریات کا ہر حال میں تحفظ یقینی بنایا جائے۔ ریسکیو اداروں، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور ایمرجنسی پلان پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ شاہد رند نے کہا کہ حکومت بلوچستان کسی بھی ممکنہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، اور عوام سے اپیل ہے کہ وہ موسم کی صورتحال پر نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورت میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔
Check Also
Close



