
اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی بنک اکاونٹس کیس میں مرکزی ملزم عبدالغنی مجید کی ضمانت منظوری کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے جس میں کہاگیاہے کہ میڈیکل بورڈ کے مطابق جیل میں عبدالغنی مجید کا علاج ممکن نہیں۔ ہفتہ کو جاری کئے گئے فیصلے میں کہاگیاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ پر عبدالغنی مجید کی ضمانت منظور کی، میڈیکل بورڈ کے مطابق جیل میں عبدالغنی مجید کا علاج ممکن نہیں۔ فیصلہ میں کہاگیاکہ جیل میں ملزم عبدالغنی مجید کی زندگی کو خطرات ہو سکتے ہیں، نیب عبدالغنی مجید کا پاسپورٹ ضبط کرلے۔ہائی کورٹ نے کہاکہ عبدالغنی مجید کا نام بدستور ای سی ایل میں رہے گا۔ عدالت نے کہاکہ عبدالغنی مجید ہر پیشی پر ٹرائل کورٹ میں حاضری یقینی بنائے۔ عدالت نے عبدالغنی مجید کو دس کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس فیاض احمد جندران نے فیصلہ تحریر کیا۔



