ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی نے ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال سبی کا تفصیلی دورہ کیا

33

ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی نے ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال سبی کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عمیر حسین نے انہیں ہسپتال کے مختلف شعبہ جات، سہولیات اور درپیش مسائل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے شعبہ حادثات، لیبارٹری، ادویات کے اسٹور، نرسری وارڈ، ڈائلاسز سینٹر، ای پی آئی، آپریشن تھیٹر اور نئی تعمیر ہونے والی عمارت میں آئی سی یو وارڈ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ادویات کے اسٹور کا بھی دورہ کیا اور اس بات پر دلی مسرت کا اظہار کیا کہ ہسپتال میں تمام ضروری ادویات مفت دستیاب ہیں۔ایم ایس ڈی ایچ کیو نے ہسپتال کو درپیش اہم مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ڈائلاسز سینٹر اور ایمرجنسی وارڈ کے لیے سولر پلانٹ کی منظوری، لیتھیم بیٹری کی فراہمی، پینے کے پانی کے لیے نئی پائپ لائن، بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے ایکسپریس فیڈر، ایمبولینس کی مرمت اور نئی عمارت کی طرف سڑک کی تعمیر نہایت ضروری ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود آپ کی محنت قابل ستائش ہے۔ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے آپ کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے ہسپتال کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر متعلقہ فورمز پر اٹھانے اور جلد حل کروانے کی یقین دہانی کرائی۔
ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح اور صحت کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے تمام منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار تیز کی جائے گی اور بجلی کا مسئلہ فوری اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ مریضوں کو مزید سہولت میسر ہو۔

Comments are closed.