
مستونگ: شہر میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، جبکہ پولیس و انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی کارروائی نظر نہیں آتی۔ رات کے اوقات میں خصوصاً سٹی ایریا میں فائرنگ کے واقعات معمول بن چکے ہیں جس سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔گرمیوں کے موسم میں اکثر شہری کھلی فضا میں اپنے گھروں کے باہر سونے کو ترجیح دیتے ہیں، مگر ہوائی فائرنگ کے باعث نہ صرف اُن کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں بلکہ جان کا خطرہ بھی لاحق ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی مرتبہ گولیاں گھروں کی چھتوں اور صحن میں آ گریں، جس سے کسی بڑے حادثے کا خدشہ پیدا ہو چکا ہے۔
تازہ واقعہ کلی کمبرانی میں پیش آیا، جہاں تھوڑی دیر قبل ہونے والی ہوائی فائرنگ کے دوران گولیاں ایک گھر کے اندر آ گریں۔ خوش قسمتی سے جانی نقصان نہیں ہوا، مگر گھر کے افراد بال بال بچے۔علاقہ مکینوں نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے اور سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ جیسے غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک عمل پر قابو نہ پایا گیا تو کوئی بڑا سانحہ جنم لے سکتا ہے۔ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے موثر اقدامات نہایت ضروری ہو چکے ہیں۔


