
اسلام آباد (این این آئی)احتساب عدالت نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں نیب کو ایک ماہ میں ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ جمعہ کو احتساب عدالت میں نارووال اسپورٹس سٹی کیس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی ۔ دور ان سماعت سابق وفاقی وزیر احسن اقبال احتساب عدالت نہ پہنچ سکے ۔ وکیل صفائی نے کہاکہ احسن اقبال تھوڑی دیر میں عدالت پہنچ جائینگے۔نیب نے ایف آئی اے کا ریکارڈ عدالت میں پیش کر دیا ۔ جج احتساب عدالت نے کہاکہ کیا اس چالان میں احسن اقبال کا نام شامل تھا؟ نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ نہیں ایف آئی اے چلان میں احسن اقبال کا نام شامل نہیں تھا، نارووال سپورٹس سٹی کی انکوائری شروع ہونے پر احسن اقبال کا نام شامل کیا گیا۔اس موقع پر جج محمد بشیر نے سماعت میں وقفہ کر دیا،وقفہ کے بعد سماعت شروع ہوئی تو احسن اقبال نے عدالت میں پیش ہو حاضری لگائی ۔وکیل صفائی نے احسن اقبال کی حاضری لگانے کے عمل کی مخالفت کر دی ۔ وکیل صفائی نے کہاکہ اس کیس میں کیسے حاضری ہو سکتی ہے،ایف آئی اے کے کیس میں احسن اقبال ملزم نہیں ہے۔وکیل صفائی نے کہاکہ جب تک ریفرنس نہ آ جاے تب تک احسن اقبال کی حاضری نہیں لگ سکتی۔احسن اقبال روسٹرم پر آگئے ۔ احسن اقبال نے کہاکہ مجھے اچھے کام کرنے کی سزا دی جا رہی ہے، گزشتہ 18ماہ کے دوران نارووال سپورٹس سٹی کو اجاڑ دیا گیا، نارووال سپورٹس سٹی پر وزیراعظم کی ہدایت پر کام روکا گیا، ریفرنس انکے خلاف دائر کیا جائے جنہوں نے اجاڑا۔ احسن اقبال نے کہاکہ ہماری حاضریاں لگوائی جا رہی ہے، مافیا آزاد پھر رہا ہے۔ جج نے کہاکہ آپ نے جو کچھ کہنا ہے تحریری طور پر وکیل کے ذریعے دیں۔ سہیل عارف نے کہاکہ نیب کیس میں احسن اقبال ملزم نامزد ہیں۔ جج احتساب عدالت نے کہاکہ کب تک ریفرنس نیب دائر کرے گا۔ احتساب عدالت نے نیب کو ایک ماہ میں ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کر دی بعد ازاں کیس کی سماعت 26 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔



