اخوان کا 2020ء میں تنظیمی ڈھانچہ دوبارہ بحال کرنے کا منصوبہ
قاہرہ(این این آئی)مصر کی کالعدم مذہبی سیاسی جماعت اخوان المسلمون کے ایک مںحرف سابق رہنما عبدالجلیل الشرنوبی نے انکشاف کیا ہے کہ اخوان کی قیادت نے سال 2020ء میں تنظیم کا اندرون اور بیرون ملک ڈھانچہ از سر نو فعال بنانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ مصر اور دوسرے عرب ممالک میں اخوان کے خلاف پے درپے حالیہ حملوں کے بعد تنظیم کی طرف سے خود کو فعال کرنے کی یہ ایک نئی کوشش ہے۔عرب ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے الشرنوبی نے کہا کہ اخوان کا نیا منصوبہ پلان 2020 کے عنوان سے جاری کیا گیا ۔ اس منصوبے کے مرکزی عنوان میں ملکوں کی آزادی، مالی جہاد، جسمانی تیاری، مسئلہ فلسطین کو اپنے عسکری مقاصد کے لیے استعمال کرنا اور عرب ممالک میں اپنا اثر ورسوخ بحال کرنا شامل ہے۔ایک سوال کے جواب میں اخوان کے منحرف لیڈر کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اخوان المسلمون کے وجود کو خطرہ قرار دے چکے ہیں۔ اخوان، مسئلہ فلسطین کو اپنے تنظیمی مقاصد کے حصول کے لیے ایک حربے کے طور پر استعمال کرنا چاہتی ہے۔ اخوان ایک ایسے وقت میں اپنے تنظیمی ڈھانچے کو فعال کرنا چاہتی ہے جب امریکا نے مشرق وسطیٰ کے لیے اپنا امن منصوبہ ڈیل آف دی سنچری’ پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔