وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے سوست میں جاری، تاجروں کے دھرنے کا نوٹس لے لیا، ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت
گلگت:
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، حاجی گلبر خان نے سوست میں تاجروں کی جانب سے جاری دھرنے کا نوٹس لیتے ہوئے پہلے سے قائم کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لے کر ایک ہفتے کے اندر تفصیلی سفارشات اور رپورٹ پیش کرے۔
اس حوالے سے معاون خصوصی برائے اطلاعات، حکومت گلگت بلتستان، ایمان شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے عوامی مفاد اور تاجروں کے جائز تحفظات کے تناظر میں فوری اقدامات کا حکم دیا ہے۔ ان کے مطابق اس معاملے پر پہلے ہی ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے، جس کی سربراہی صوبائی وزیر داخلہ، شمس الحق لون کر رہے ہیں۔معاون خصوصی ایمان شاہ نے مزید کہا کہ کمیٹی کی سفارشات پر مبنی رپورٹ کو وفاقی حکومت اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ساتھ شیئر کیا جائے گا، تاکہ مسائل کے پائیدار حل کی جانب پیش رفت ممکن ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت تاجروں کے تمام جائز مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرے گی اور اُن کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت گلگت بلتستان تاجروں کے مفادات کی بھرپور تحفظ یقینی بنائے گی،اور وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
Comments are closed.