علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی بلوچستان ریجنل ہیڈ کانفرنس ،گوادر کیمپس کے لیے اہم فیصلے کیے گئے
گوادر (این این آئی )علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی بلوچستان ریجنل ہیڈ کانفرنس پہلی دفعہ گوادر میں منعقد ہوئی۔کانفرنس کی صدارت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر پروفیسر ضیاء القیوم نے یونیورسٹی ریجنل کیمپس گوادر میں کی۔کانفرنس میں قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر پروفیسر سید محمد علی شاہ نے خصوصی طور پر شرکت کی،ریجنل ہیڈ کانفرنس میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کے ڈی آر ایس انعام شیخ ، ڈائریکٹر پروٹوکول میجر راجہ عمر یونس، ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کوئٹہ سید قمر الدین، ڈائریکٹر مکران ریجن ماجد حسین اور دیگر نے شرکت کی۔کانفرنس میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل کیمپس گوادر کے متعلق ڈائریکٹر مکران ریجن ماجد حسین نے شرکا کو تفصیلی بریفنگ دی۔کانفرنس میں گوادر کیمپس کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔کانفرنس میں فیصلہ ہوا ہے ک غریب طلباء و طالبات میرٹ پر کوالیفائی کریں گے اور وہ فیس ادا نہیں کرسکیں گے تو ان کی فیس ادارہ خود برداشت کرے گا۔آئندہ فیسوں کی وجہ سے کوئی بھی طالب علم کو تعلیم سے محروم نہیں رکھا جائے گا۔گوادر کیمپس میں کمپیوٹر اور فیزیکل کورسز جلد شروع کیے جائیں گے۔طالب علموں کے مشکلات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اب یونیورسٹی ہذا میں داخلہ آن لائن طریقے سے کیے جائیں گے۔ گوادر ریجن کے اسٹاف کو کمپیوٹر سسٹم فراہم کیا جائے گا، تاکہ وہ مقررہ وقت میں طالب علموں کا آن لائن داخلے کرا سکیں۔کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ گوادر جیسے دور دراز علاقوں کے لیے کتابیں بروقت پہنچانے کی اقدامات کی جائے گی ڈاک خرچہ طالب علموں کے بجائے ادارہ خود ادا کرکے ان کے پتے پر مفت پہنچانے کا انتظام کرے گا۔محکمہ ڈاک خانہ سے ایگریمنٹ کردیا گیا ہے اب پوسٹل کے مکمل اخراجات علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی برداشت کرے گا۔دور دراز علاقوں کے لیے پاکستان پوسٹل کے ذریعے کتابیں پہنچایا جارہا ہے جوکہ اکثر لیٹ سے پہنچتے ہیں۔اس مسئلے کو حل کرانے کے لیے محکمہ ڈاک سے بات کرکے اس نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کرینگے۔وائس چانسلر نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی مکران ریجن کے پروفیسرز و لیکچرار سے ملاقات بھی کی اور ان کو درپیش مسائل بھی سنے اور ان کے حل کے لیے یقین دہانی کرائی۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی و قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلران نے یونیورسٹی کے احاطے میں پودے لگائے۔اور انہوں نے تعمیراتی کام کا جائزہ بھی لیا۔اس سے پہلے وفد دو روزہ دورے پر گوادر ائیر پورٹ پہنچے تو ڈائریکٹر مکران ریجن ماجد حسین و دیگر نے ان کا استقبال کیا۔وفد کے ممبران کو بلوچی روایتی چادر پہنایا گیا اور پھول پیش کر دی گئی۔وفد کو چیرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نصیر خان کاشانی کی جانب سے سمندر میں کروزنگ کرائی گئی۔گوادر پورٹ پر گوادر پورٹ اتھارٹی انجینئر منیر احمد بانا نے انھیں گوادر پورٹ و سی پیک کے متعلق بریفنگ بھی دی۔