خالص دودھ، صحت مند زندگی — بی ایف اے کا عزم .. دودھ کے کاروبار سے منسلک کاروباری حضرات کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے زیر اہتمام خصوصی اگاہی سیشن کا انعقاد۔

19

(کوئٹہ/25جولائی، 2025)

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے خوراک کے معیار کی بہتری اور مراکز میں صفائی ستھرائی کے فروغ کیلئے کیے جانے والے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں بی ایف اے ہیڈکوارٹرز میں دودھ فروشوں، ملک سپلائرز اور ہینڈلرز کے لیے ایک تفصیلی آگاہی و تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں دودھ کا کاروبار کرنے والوں نے شرکت کی۔ تربیتی سیشن کا مقصد دودھ کی فروخت، ترسیل اور ذخیرہ کرنے کے مراحل میں صحت و صفائی کے اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانا تھا۔ سیشن کے دوران بی ایف اے ٹریننگ اسکول (ٹیکنیکل ونگ) کی ماہر ٹیم نے شرکاء کو تفصیل سے آگاہ کیا کہ کس طرح دودھ کی ہینڈلنگ کے دوران معمولی کوتاہی بھی عوامی صحت پر سنگین منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ ذاتی صفائی، صاف ستھرا ماحول اور معیاری طریقہ کار اختیار کرنا نہ صرف ایک قانونی تقاضہ ہے بلکہ ہماری اخلاقی ذمے داری بھی ہے۔ ماہرین نے شرکاء کو بی ایف اے کی وضع کردہ ایس او پیز (Standard Operating Procedures) پر عملدرآمد کی اہمیت سے روشناس کرواتے ہوئے واضح کیا کہ صحت بخش و ملاوٹ سے پاک دودھ کی فراہمی کے لیے صفائی کے بنیادی اصول اپنانا کس قدر ضروری ہے۔ تربیت میں ویژوئل پریزنٹیشنز، عملی مثالیں اور سوال و جواب کے سیشنز بھی شامل تھے، جنہوں نے شرکاء کی دلچسپی کو مزید بڑھایا۔شرکاء نے تربیتی سیشن کو نہایت معلوماتی، بامقصد اور پیشہ ورانہ قرار دیا۔ انہوں نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی اس کوشش کو سراہا کہ وہ کاروباری طبقے کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے صحت مند طریقے اپنانے کی ترغیب دے رہی ہے۔اس موقع پر ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ تربیتی پروگرام نہ صرف خالص اور محفوظ دودھ کی فراہمی کی طرف ایک اہم قدم ہے بلکہ صوبے میں خوراک کی حفاظت سے متعلق آگاہی پیدا کرنے اور ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھنے کا حصہ بھی ہے۔ بی ایف اے مستقبل میں بھی ایسے آگاہی سیشنز کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ صارفین تک معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Comments are closed.