حکومت ملک و قوم کو درپیش معاشی بحرانوں سے نکلنے میں جلد کامیاب ہوگی، غلام سرور خان
لاہور (این این آئی)حکومت ملک و قوم کو درپیش معاشی بحرانوں سے نکلنے میں جلد کامیاب ہوگی۔یہ بیان وفاقی وزیر ہوابازی، غلام سرور خان نے بروز ہفتہ منہاج یونیورسٹی لاہور کی تیسری ورلڈ اسلامک اکنامک اینڈ فنانس کانفرنس کے پہلے روز خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کے اہم ایشو پر کانفرنس کا انعقاد ایک قابل تقلید قومی خدمت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ منہاج یونیورسٹی نے اکیڈمیہ سے تعلق رکھنے والے عالمی معاشی ماہرین کو مدعو کیا ہے مجھے خوشی ہے کہ معاشی چیلنجز سے عہدہ برا ہونے کی جدوجہد میں اعلیٰ تعلیمی ادارے شریک ہیں ۔انھوں نے کہا کہ میں منہاج القرآن کی تعلیم کے فروغ کے لئے عملی کاوشوں کا معترف ہوں اور معیشت کے حوالے سے برین سٹارمنگ سیشنز کے انعقاد پر ڈاکٹر حسین محی الدین اور یونیورسٹی ایڈمنسٹریشن کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، موجودہ حکومت معیشت کی بحالی اور ترقی کے لئے پرعزم ہے اور اعلیٰ تعلیمی اداروں اور قومی وعالمی اقتصادی ماہرین کی تجاویز کا خیر مقدم کرے گی۔انھوں نے کہا کہ اسلامی بینکنگ میں بہت پوٹنشل ہے اور اسلامی بنکاری فروغ پذیر ہے۔