چینی کے ناجائز منافع خوروں کو نشان عبرت بنا دیں گے، چینی کی قیمت کنٹرول کرنے کے لئے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز اورڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین

18

اسلام آباد۔24جولائی:وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ چینی کے ناجائز منافع خوروں کو نشان عبرت بنا دیں گے، چینی کی قیمت کنٹرول کرنے کے لئے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز اورڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ جمعرات کو سرکاری خبر رساں ادارے”اے پی پی“سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چینی کے منافع خوروں کے دن گنے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ چینی کا ایکس مل ریٹ 161 روپے اور ریٹیل ریٹ 173 روپے چینی فی کلو کو ہر حال میں یقینی بنائے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ چینی کی وافر سپلائی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کا استحصال کرنے والوں کے لئے کوئی نرمی نہیں ہوگی، ان کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ عوام کے مفاد کے خلاف کام کرنے والوں کو ریاست اور قانون کی طاقت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کمزور طبقہ کے حقوق کے تحفظ کے لئے آہنی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوری ہمارے معاشرے کا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے اور موجودہ قیادت ہر طرح کے چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان کو ہر طرح کے مافیاز سے پاک کرکے تیز ترین ترقی کرتا ہوا ملک بنا دیا جائے گا۔\

Comments are closed.