اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر کی ہدایت پر پرائس کنٹرول کمیٹی نے شہر بھر کی مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا

17

گوادر24جولائی ۔ اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر کی ہدایت پر پرائس کنٹرول کمیٹی نے شہر بھر کی مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا اور اشیاء خوردونوش سمیت دیگر مصنوعات کی دستیابی، معیار اور قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران کمیٹی نے دکانوں میں سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی، مضر صحت اور زائد المیعاد اشیاء کی فروخت، نشہ آور مصنوعات کی دستیابی سمیت مختلف خلاف ورزیوں کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر تمام دکانداروں کو سختی سے تنبیہ کی گئی کہ وہ سرکاری نرخ نامے نمایاں طور پر اپنی دکانوں پر آویزاں کریں اور تمام ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔پرائس کنٹرول کمیٹی نے واضح کیا کہ آئندہ کسی بھی دکاندار کی جانب سے سرکاری ہدایات کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔مزید برآں، کارروائی کے دوران دو کارٹن ماوا اور گٹکا ضبط کر لیے گئے، جنہیں موقع پر ہی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کی گئی۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ مضر صحت اشیاء یا قیمتوں میں خود ساختہ اضافے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔

Comments are closed.