موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کا سدباب وقت کی اہم ضرورت ہے، ناقص پالیسیاں بڑے انسانی المیہ کا باعث بن سکتی ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار

16

کراچی۔۔۔24جولائی2025ء

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنماء و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے ملک میں موسمیاتی تغیرات کے سبب ہونے والی تبدیلوں اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے مؤثر اور جامع حکمت عملی اپنانے کو وقت کی اشد ضرورت قرار دے دیا، بہادرآباد مرکز سے جاری کردہ بیان میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ وطن پر قابض طبقاتی اجارہ داری موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات میں اضافے کا بڑا سبب ہے، دُنیا بھر میں جدید رجحانات کو اپنا کر قدرتی وسائل کو عوامی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کیا جارہا ہے مگر بدقسمتی سے پاکستان میں ماحولیاتی شعور اُجاگر کرنا بھی بدنیتی کی بھینٹ چڑھا ہوا ہے، ہر سال سینکڑوں افراد کی اموات کو ناگہانی کہہ کر آنکھیں بند کرلی جاتی ہیں جو دراصل انتظامی نااہلی کا شاخسانہ ہوتی ہیں، اربوں روپے کے فنڈز اور وسائل دستیاب ہونے کے باوجود سالانہ بنیادوں پر ہونے والا جانی و مالی نقصان سمجھ سے بالاتر ہے، ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ناقص پالیسیوں اور انتظامی غفلت کی بدولت پاکستان میں سیاحت کو بھی بھاری نقصان کا سامنا اور انتظامیہ جگ ہنسائی کا باعث بن رہی ہے، ڈاکٹر فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے سدباب کے وقت کی اہم ضرورت ہے، لاپرواہی کسی بڑے انسانی المیہ کا باعث بن سکتی ہے جس کے لئے وفاقی و صوبائی حکومتوں، قومی و صوبائی ڈیزاسٹر مینیجمینٹ اتھارٹی کو خالصتاً انسانی ہمدردی اور ترجیحی بنیاد پر ساتھ بیٹھ کر فوری اور موثر اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

Comments are closed.