قرآن و سنت کی تعلیمات کے بغیر کسی اسلامی معاشرہ کی بقاءاور اس کے قیام کا تصور ممکن نہیں: پیر محمد مظہر سعید شاہ
وزیراطلاعات آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ قرآن و سنت کی تعلیمات کے بغیر کسی اسلامی معاشرہ کی بقاءاور اس کے قیام کا تصور ممکن نہیں۔سیکھنے سکھانے کے عمل کا آغاز پہلی وحی’’اِقْرَاْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّـذِىْ خَلَقَ‘‘ سے شروع ہو کر مکہ مکرمہ میں دار ارقم اور مدینہ منورہ میں مدرسہ صفہ تک جا پہنچا، جہاں معلم انسانیت نے صحابۂ کرامؓ کی ایک ایسی جماعت تیار کی جس نے دنیا پر اسلام کے پرچم کو لہرایا۔حضور پاک معلم انسانیت ہیں اور آپ نے اپنی زندگی علم سیکھانے میں وقف فرما رکھی تھی۔ ان خیالات کاا ظہار سرپرست اعلیٰ جامعۃ الحسنین و وزیر اطلاعات آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر پیر مظہر سعید شاہ نے جامعۃ الحسنین کے دورہ کے دوران اساتذہ اور طلبہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتےہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات نے جامعتہ الحسنین کے تمام اساتذہ کرام سے ملاقات کی اور جامعتہ الحسنین کے نگران اعلی مولانا اعجاز محمود اور دیگر اساتذہ کرام سے تفصیلی بریفنگ لی۔
وزیراطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہاکہ استاد علم سکھانے کے ساتھ ساتھ شاگرد کی کردار سازی میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔استاد اور شاگرد کے رشتے کی اہمیت کو قرآن و حدیث میں بھی اجاگر کیا گیا ہے۔ اسلام میں استاد کو روحانی باپ کا درجہ دیا گیا ہے اور شاگردوں کو ادب اور احترام سے پیش آنے کی تلقین کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ علم کی اہمیت و فضیلت کو جاننے کیلئے سرکار دوعالم کی احادیث مبارکہ بہت سی موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسلام چاہتا ہے کہ دنیا میں بسنے والا ہر انسان تعلیم کے ذریعے صحیح معنوں میں اشرف المخلوقات کے درجے پر پہنچ جائے۔ وہ کتاب اللہ اور سنت نبوی کو حقیقی علم قرار دیتے ہوئے اسے انسانیت کی فلاح کا ضامن قرار دیتا ہے۔ اسلام کی تعلیمات کہتی ہیں کہ قرآن حقیقی علم ہے جب کہ دوسرے علوم معلومات کے درجے میں ہیں اور ان معلومات کو اپنی اپنی استعداد کے مطابق حاصل کرو۔ اللہ ہمیں علوم حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
Comments are closed.