ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ (ڈی ای جی) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

22

گوادر22جولائی :۔ ضلع گوادر میں تعلیمی نظام کی بہتری، غیر فعال اسکولوں کی بحالی اور تعلیمی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ (ڈی ای جی) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زاہد حسین، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن عبدالوہاب، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی پرنسپل سبین بلوچ، ایکسیئن بی اینڈ آر (بنگلوز) احتشام الحق، ڈی ڈی او ای گوادر محمد حسن، ڈی ڈی او ای جیوانی عبدالرحیم، اے ڈی او ای نادل علی، منیجر ای ایس پی (یونیسیف) عادل نودیزی، کوآرڈینیٹر آر ٹی ایس ایم ساجد بلوچ، منیجر سی پی ڈی سقر ناصر (این آر ایس پی)، سول سوسائٹی اور مختلف اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع میں غیر فعال اسکولوں کو فعال بنانے، حالیہ SBK بھرتیوں، اساتذہ کی تعیناتی اور تدریسی عمل کی بہتری پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے متعدد غیر فعال اسکولوں کو فعال کیا جا چکا ہے، جبکہ حالیہ کنٹریکٹ پر بھرتیوں سے مزید اسکولوں کو فعال کیا جائے گا۔ اس پر ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ پہلے سے غیر فعال اسکولوں کی بحالی کو اولین ترجیح دی جائے۔گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی زیر تعمیر عمارت کے حوالے سے ایکسیئن بی اینڈ آر نے بریفنگ دی کہ تعمیراتی کام بڑی حد تک مکمل کر لیا گیا ہے اور دروازے و کھڑکیاں جلد پہنچنے والی ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اسکول عمارتوں کے ساتھ واش رومز کی عدم تعمیر پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وضاحت طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کے لیے بنیادی سہولیات، خصوصاً واش رومز، نہایت ضروری ہیں اور اس معاملے کو وہ اعلیٰ حکام کے ساتھ بھی اٹھائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے ایکسیئن بی اینڈ آر کو ہدایت دی کہ گرلز کالج سمیت تمام جاری ترقیاتی اسکیمات کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں یونیسیف کی جانب سے اے ایل پی سینٹرز، ووکیشنل ٹریننگ سنٹرز، اور اسکول ڈیولپمنٹ پلان پر مبنی رپورٹ پیش کی گئی۔ منیجر ای ایس پی عادل نودیزی نے اسکول ڈیولپمنٹ پلان کے تحت بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کے لیے تعریفی اسناد کی سفارش کی، جسے ڈپٹی کمشنر نے سراہا اور اس پر رضامندی ظاہر کی۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن نے یقین دہانی کروائی کہ ضلع گوادر میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانے، اسکولوں کو فعال کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ضلعی انتظامیہ اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لا رہی ہے۔

Comments are closed.