ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر صدارت ریونیو ریکارڈ کی ڈیجٹلائزیشن کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا

20

کوئٹہ 22 جولائی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر صدارت ریونیو ریکارڈ کی ڈیجٹلائزیشن کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) وقار کاکڑ، تمام سب ڈویڑنز کے تحصیلداران، نائب تحصیلداران کے ساتھ ساتھ ڈیجٹلائزیشن ٹیم کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو ریونیو ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن اور ڈیجٹلائزیشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام تحصیلداران اور نائب تحصیلداران سے ان کے سب ڈویڑنز میں موجود مواضعات، وارڈز اور محلوں کی کمپیوٹرائزیشن کی پیش رفت پر فرداً فرداً رپورٹ طلب کی، جس پر تمام تحصیلداران نے اپنی رپورٹس پیش کیں۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام زیر التواءکام ایک ماہ کی مدت میں مکمل کرکے متعلقہ کمپیوٹرائزڈ سیکشن کے حوالے کیا جائے۔ انہوں نے ڈیجٹلائزیشن ٹیم کو بھی ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد تمام مواضعات، وارڈز اور محلوں کا ریکارڈ ڈیجٹلائز کرکے جامع رپورٹ پیش کریں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریونیو ریکارڈ کی ڈیجٹلائزیشن سے نہ صرف عوام کو آسانی میسر آئے گی بلکہ شفافیت اور بہتر انتظامی نظام کو بھی فروغ ملے گا۔

Comments are closed.