ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے کہا ہے کہ کشمیری اور پاکستانی جن خون کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں انھیں دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کرسکتی
میرپور(پی آئی ڈی) 19جولائی2025ء
ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے کہا ہے کہ کشمیری اور پاکستانی جن خون کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں انھیں دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کرسکتی۔19جولائی1947کو کشمیری قیادت نے پاکستان بننے سے پہلے سرینگر کے مقام پر قرارداد الحاق پاکستان منظور کرکے تحریک آزادی کشمیر کی جس سمت کا تعین کیا تھا اس کے حصول کے لیے کشمیری گزشتہ 78سالوں سے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں۔مقبوضہ کشمیر جلد بھارت کے چنگل سے آزاد ہوکر پاکستان کا حصہ بنے گا۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے ضلعی انتظامیہ اور جموں وکشمیر لبریشن سیل کشمیر سینٹر میرپور کے زیر اہتمام یوم الحاق پاکستان کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے انجمن تاجراں کے راہنماؤں چوہدری محمدنعیم،راجہ خالد محمود خان،کشمیر پریس کلب میرپور میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین ظفرا قبال مغل،ملازمین تنظیم کے راہنماؤں سید قیصر شیراز کاظمی، ضیاء منہاس نے خطاب کیا جبکہ اس موقع پر افسر مال راجہ ایاز احمد خان،تحصیلدار چوہدری عمران یوسف،ڈپٹی ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل سردار عظیم سرور،انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک، سینئر صحافی سجاد قیوم خانپوری، ممتاز علی خاکسار، زاہد بشیر،صغیر احمد،انجینئر چوہدری روحان، انجمن تاجراں کے چوہدری محمود،آصف ڈار،تنویر غازی،شیخ عبدالمجید، جنرل سیکرٹری بلدیہ مرزا الیاس جرال، ملازمین تنظیموں کے راہنما راشد محمود، صدر ریوینیو ایمپلائز ایسوسی ایشن الیاس قادری، چوہدری محمد آصف،حنیف قریشی کے علاوہ دیگر افراد بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری کشمیری قوم یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اس عہد کی تجدید کرتی ہے جس کا فیصلہ ہمارے بزرگوں نے قیام پاکستان سے پہلے الحاق پاکستان کی قرارداد منظور کرکے کیا تھا اورکشمیر کے مستقبل کی سمت کا تعین کیا تھا اس پر پوری کشمیری قوم کاربند ہے اور اس کے حصول تک کسی بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرئے گی۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی منزل پاکستان اور کشمیر ی پا کستان کا دفاعی حصار ہیں۔مضبوط و مستحکم پاکستان ہی کشمیر یو ں کی آ زادی کا ضامن ہے۔شہداء کشمیر کی قربانیوں کو جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے کم ہے ان شہداء کی قربانیوں کے صدقے کشمیریوں کو اپنے مسلمہ حق خودارادیت کے باعث آزادی ملے گئی اور اس کا الحاق پاکستان سے ہوگا۔تقریب کے اختتام پر تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی، پاکستان کی سلامتی ترقی، دفاع، شہداء کشمیر و پاکستان کے درجات کی بلندی و عالم اسلام کے مسلمانوں کے لیے دعائیں کی گئیں۔
Comments are closed.